کشتواڑ //ضلع مجسٹریٹ کشتواڑ انگریز سنگھ رانا نے اس بات کا انتباہ جاری کیاہے کہ سڑکیں بند کرکے ٹریفک کی نقل و حمل میں رخنہ ڈالنے والے مظاہرین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ضلع مجسٹریٹ کی طرف سے اس سلسلے میں حکمنامہ میں بتایاگیاہے کہ ایسے مظاہرین کو دفعہ 133کے تحت کارروائی کا سامنا کرناپڑے گا۔ضلع انتظامیہ کشتواڑ کے ایک ترجمان نے بتایاکہ یہ فیصلہ ضلع میں مظاہروں میں اضافے اور پنچایتی نمائندگان کے ایک طبقہ اور گائوں والوں کی طرف سے سڑک کے بند کرنے پر کیاگیاہے کیونکہ اس سے افراتفری کاماحول پیدا ہوتاہے ۔ضلع مجسٹریٹ نے ایس ایس پی کشتواڑ سے کہاہے کہ وہ غیر قانونی طور پر سڑکیںبندکرکے ٹریفک کی نقل و حمل میں رخنہ ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیں ۔