رام بن //ضلع ترقیاتی کمشنر شوکت اعجاز بٹ نے منگل کے روز قومی شاہراہ کو جزوی طور کھولنے اور درماندہ مسافروں کو روانہ کرنے کے لئے روڈ کلیرنس کارروائی کی نگرانی کی، جسے کنسٹریکشن کمپنیوں نے پنتھیال، مروگ و دیگر ملحقہ علاقوں سے شروع کیا ہے۔ڈی سی کے ہمراہ ایس ایس پی رام بن انیتا شرما ،ایس ایس پی ٹریفک سنجیو کھجوریہ،اے ڈی سی ڈاکٹر بشارت حسین ،ڈپٹی ایس پی ٹریفک سریش شرما و سول و پولیس کے متعدد افسران بھی تھے۔ اس مو قعہ پر ڈی سی نے کہا کہ پسیاں گر آنے سے 270کلو میٹر لمبی شاہراہ بند ہوگئی ہے ،جو کہ کشمیر کو ملک کے دیگر علاقوں سے جوڑنے والا تمام موسم کے دوران رابطہ کا واحد راستہ ہے۔ڈی سی نے حُکام و دیگر ایگزکیوٹنگ ایجنسیوں سے شاہراہ پر ٹریفک جام ختم کرنے کیلئے فوری طور سے پسیاں ہٹانے کے لئے معقول افرادی قوت اور مشینری کو دستیاب رکھنے کی ہدایت دی۔انہوں نے مسافروں سے ازشاہراہ پر سفر شروع کرنے سے قبل ٹریفک کنٹرول روم سے رابطہ بنانے کی بھی اپیل کی۔