کشتواڑ//ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا کی قیادت میں پی رکے روز یہاں سول سوسائٹی ممبران کا ایک اجلاس منعقد ہوا،جس میں معزز شہریوں،متعدد مذہبی و سیاسی تنظیموںو متعلقین نے شرکت کی۔ اس دوران سول سوسائٹی نے ضلع انتظامیہ کے سامنے اپنے مسائل پیش کئے ،جن میںامن و قانون ،منشیات کا خاتمہ ،بیرونی لوگوں کی رجسٹریشن،سڑکوں کی بہتری و پانی اور بجلی سپلائی و دیگر ترقیاتی مدعوں کے علاوہ متعدد مشورے پیش کئے ،تاکہ سماج میں امن ،رواداری اور بھائی چارے کویقینی بنایا جا سکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سول سوسائٹی ضلع میں امن و امان قائم رکھنے کیلئے مثبت رول نبھانے کیلئے جانی جاتی ہے۔انہوںنے تمام شرکا سے ضلع میں ہر قیمت پر امن برقرار رکھنے میں ضلع انتظامیہ کا تعاون دینے کی اپیل کی اور ضلع میں ترقیاتی کاموں میں حصہ لینے کو کہا۔انہوں نے یقین دلایا کہ جو کوئی بھی ضلع میں امن میں رخنہ ڈالے گا یا ترقیاتی کاموں میں روکاوٹ ڈالے گا ،کے خلاف سنگین کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایس ایس پی کشتواڑ شکتی کے پاٹھک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یقین دلایا کہ اجلاس میں اُٹھائے گئے مدعوں کو فوری طور سے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ایسے اجلاس طلاب اور نوجوانوں کے ساتھ باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں گے، تاکہ امن و ترقی کا پیغام ضلع کے ہر ایک کونا میں بھیجا جائے ۔اے ڈی سی سی امام دین، اے ڈی سی پون کمار پریہار،اے سی ڈی انیل کمار چنڈیال، ڈی پی او سنیل بھوٹیال، سی اے ایچ او ڈاکٹر سنجے کمار سین، دیگر ضلع افسرں کے علاوہ سول سوسائٹی، معزز شہریوں ،متعدد مذہبی،سیاسی تنظیموں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔