سرینگر //ارشاد احمد//صورہ سے گاندربل تک 12 کلومیٹر پرانی شاہراہ کھنڈرات میں تبدیل ہونے سے ہزاروں افراد پر مشتمل آبادی میں شدید غم و غصہ اور ناراضگی پائی جارہی ہے۔صورہ ،بژھ پورہ ،عمر ہیر،احمد نگر ،پاندچھ اورگاندربل سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہوگئی ہے۔ 2008 تک اس شاہراہ کو سرینگر لیہہ شاہراہ کا درجہ حاصل تھا کیونکہ اس شاہراہ سے گاندربل، کنگن، صفاپورہ، تولہ مولہ، سونہ مرگ سمیت کرگل لداخ کی جانب روزانہ سینکڑوں گاڑیاں چلتی تھیں۔اس وقت صورہ سے پاندچھ تک اس سڑک کی حالت انتہائی خستہ اور ناکارہ ہوچکی ہے ،بڑے بڑے کھڈے سڑک پر موجود ہے۔ تکیہ پاندچھ کے مقام پر سڑک کے کنارے پر ہزاروں کنال اراضی کو سیراب کرنے والی کنال کے بنڈ میں دراڑیں پڑگئی ہیں جس کا سارا پانی سڑک پر دریا کی صورت میں بہنے سے شاہراہ پر سفر کرنا وبال جان بنا ہوا ہے۔کشمیر عظمی کو پاندچھ کے شہریوں نے بتایا کہ صورہ سے پاندچھ تک اس سڑک پر ہزاروں افراد کی آبادی رہائش پذیر ہے جو روزانہ سکول،کالج،دفاتر اور کاروبار کیلئے اس شاہراہ پر سفر کرتے ہیں ۔شہریوں نے کہاکہ صورہ سے لیکر احمد نگر تک سڑک پر میکڈیم بچھایا گیا لیکن اس سے آگے 3 کلومیٹر سڑک پر میگڈم نہیں بچھایا گیا جو سراسر ناانصافی ہے۔ شہریوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سڑک کی تعمیر و تجدید کی جائے ۔