سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے سنیچر کے روز کہا کہ کوروناوائرس کے مشتبہ افراد جو بیرونِ ممالک سے واپس لوٹے ہیں اور اس وقت انتظامی کورنٹین میں رکھے گئے ہیں ، کا ٹیسٹ اگر منفی پایا گیا کو تین دنوں کے اندر اپنے گھروں کو بھیج دیا جائے گا جہاں وہ 14 دن اور ہوم کورنٹین میں رہیں گے ۔
ان باتوں کا اظہار صوبائی کمشنر نے کے سی سی آئی کے نمائندوں اور سول سوسائیٹی گروپوں کے ممبران کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران کیا ۔ میٹنگ کا انعقاد وادی بھر میں صوبائی انتظامیہ کی طرف سے کووڈ 19 وباءکو پھیلنے سے روکنے کے سلسلے میں کی جا رہی تیاریوں اور انتظامات کے بارے میں معلومات فراہم کرنی تھیں ۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت کووڈ 19 کے مختلف معاملات سامنے آ رہے ہیں اور اُن کی نشاندہی بھی کی گئی ہے ۔ ایسے افراد کو سی ڈی ہسپتال ڈل گیٹ ، سکمز صورہ اور سکمز بمنہ کے علاوہ سب ڈسٹرکٹ ہسپتال پٹن اور سوپور میں انتظامی کورنٹین کیلئے رکھا گیا ہے ۔
پولے نے مزید کہا کہ کشمیر یونیورسٹی کے زاکورہ کیمپس اور این آئی ٹی حضرت بل کو انتظامی کورنٹین کیلئے مختص کیا گیا ہے ۔ ہر ادارے میں 300 بستروں کی گنجائش رکھی گئی ہے ۔ وینٹی لیٹروں کی دستیابی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ صرف 5 سے 7 فیصد کورونا کیسوں کو وینٹی لیٹروں کی ضرورت پڑتی ہے اور وادی میں نازک مریضوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے وافر مقدار میں سہولیات موجود ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں صورتحال قابو میں ہے اور گھبرانے کی کوئی بات نہیں ۔