جموں//سال رواں کے دوران گذشتہ ماہ اگست تک صوبہ جموں میں منشیات کادھندہ کرنے والے زائداز 450 افرادکوگرفتار کیاگیاہے ۔یہ بات انسپکٹر جنرل پولیس ایس ڈی سنگھ نے بتایا۔ انہوں نے کہاکہ منشیات کے کاروبارکوختم کرنے کیلئے پولیس ٹھوس قدم اٹھارہی ہے۔خبررساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے جموال نے کہاکہ منشیات مخالف مہم کے دوران چرس ،برائون شوگر،ہیروئن اوردیگرنشیلی ادویات ضبط کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ اس مدت کے دوران نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکوٹڑوپک سبسٹنس (این ڈی پی ایس ) ایکٹ کے تحت379 معاملے درج کئے گئے جبکہ سال 2016 کے دوران 377 اورسال 2015 کے دوران 275 معاملے درج کئے گئے تھے۔اس سال کے 379 معاملوں میں سے 210 معاملوں میں چارج شیٹ کی گئی جبکہ 168 معاملے ابھی زیرتفتیش ہیں۔ اس دوران کل 453 اشخاص کوگذشتہ ماہ اگست تک این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت گرفتارکیاگیاجبکہ سال 2016 کے دوران 511 اشخاص کو اورسال 2015 کے دوران 307 اشخاص کوگرفتارکیاگیاتھا۔ اس مدت کے دوران 568.94 کلوگرام میری جونا ضبط کی گئی ۔جموال نے کہاکہ گرفتارکئے گئے ملزموں میں افیم،گانجااورنشہ آورکیسپول اورٹیلٹس برآمدکی گئیں۔جموال نے کہاکہ ضلع سانبہ میں ایک ڈرگ ایڈیکشن سنٹر کاقیام عمل میں لایاجارہاہے جبکہ گلشن گرائونڈجموں ،کٹھوعہ،راجوری اورادھم پور میں ڈرگ ڈی ایڈکشن سنٹرپہلے سے ہی کام کررہے ہیں۔اس کے علاوہ سوک ایکشن پروگرام کے تحت جموں میں منعقددیوتھ کلبوں کاقیام عمل میں لایاگیاہے تاکہ منشیات کی بدعت میں مبتلا نوجوانوںکوکھیل کود کی سرگرمیوں کے ساتھ جوڑا جاسکے اورانہیں اس جان لیوابدعت سے نجات مل سکے۔