شوپیان//کورونا وائرس کے خطرات کے مدِ نظر صوبائی کمشنر کشمیرپی کے پولے نے بدھ کو جنوبی ضلع شوپیان کے ڈسٹرکٹ ہسپتال کا دورہ کرکے محکمہ صحت کی طرف سے کئے جا رہے انتظامات کا جائیزہ لیا۔ اس موقعہ پر انہیںافسران نے متعلقہ مریضوں کیلئے قارنطین انتظامات کے بارے میں جانکاری دی۔ دورے کے دوران صوبائی کمشنر نے متعلقہ افسروں پر زور دیا کہ وہ طبی رہنما خطوط پر سختی سے عمل کرتے ہوئے مشتبہ مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کریں۔ صوبائی کمشنر نے ضلع ہسپتال شوپیان کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ ہر صورت میں معقول صحت و صفائی کا اہتمام کریں۔صوبائی کمشنر نے محکمہ صحت سے وابستہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں اور جوش و جذبے سے کام کریں وائرس سے متاثرہ افراد کو بہتر سہولیات مہیا کی جاسکیں اور وائرس کے پھیلائو کو روکا جاسکے۔ انہوں نے ضلع اسپتال شوپیان میں وارڈوں کا بھی معائنہ کیا اور مریضوں سے بات چیت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔مریضوں سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی کمشنر نے لوگوں کی حفاظت ،سماجی دوری اور مکمل طور پر گھروں کے اندررہنے پر زور دیا۔ انہوں نے دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی پر بھی زور دیا ۔انہوں نے محکمہ صحت کے ذمہ داروں اور ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ مریضوں کی بہتر نگہداشت کریں اور انہیں تمام طبی سہولیات فراہم کریں۔صوبائی کمشنر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا وائرس پھیلنے والی بیماری ہے جسکو صرف لاک ڈاؤن اور سماجی دوریوں کے ذریعے ہی ہرایا جاسکتا ہے۔ضلع اہسپتال شوپیان میں کوئی وینٹی لیٹر موجود نہ ہونے کا بارے میں پوچھے جانے پرانہوں بتایا کہ ضلع اسپتال شوپیان میں دو وینٹی لیٹر موجود ہیں تاہم ابھی وہ کام نہیں کر رہے ہیں۔اس موقع پر ’پیسٹی سائڈس ڈسٹری بیوٹر اینڈ ڈیلرس ایسوسی ایشن ‘شوپیان نے 2 لاکھ روپے کا چیک صوبائی کمشنر کی موجودگی میں ڈپٹی کمشنر شوپیان کو پیش کیا۔ یہ چیک ایسو سی ایشن کے صدر شبیر احمد نے پیش کیا تاکہ وہ اس رقم کوکورو نا وائرس سے بچائو کیلئے کام میں لاسکیں۔صوبائی کمشنر نے سی ایم او کے دفتر میں قائم کئے گئے کنٹرول روم کا بھی معائینہ کیا۔صوبائی کمشنر نے ضلع انتظامیہ کے افسروں کو کووڈ۔19مخالف سرگرمیوں کو مزید مستحکم کرنے اور لگن اور تن دہی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے کوروناوائرس سے متاثرہ افراد کے رابطے میں آئے سبھی لوگوں کی نشاندہی کر کے اُن کو قارنطین میں رکھنے کی ہدایات دیں۔ادھرصوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے بدھ کو پلوامہ کا دورہ کر کے کورو نا وائرس سے نمٹنے کے لئے انتظامیہ کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ضلع انتظامیہ کے کئی افسران کے علاوہ مختلف محکموں کے حکام ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران صوبائی کمشنر نے ضلع ہسپتال میں قائم کئے گئے قارنطین مرکز کا معائینہ کیا اور وہاں قارنطین میں رکھے گئے اَفرادکے ساتھ بات کی۔اُنہوں نے اِس مرکز میں رکھے گئے اَفراد کو ہر طرح کی سہولیت فراہم کرنے کی اَفسران کو ہدایات دیں۔اُنہوں نے ضلع کے سی ایم او کے دفتر میں قائم کئے گئے کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔ اُنہوں نے وہاں کام کر رہے عملے کی سراہنا کرتے ہوئے اُنہیں اپنے فرائض لگن اور تن دہی کے ساتھ انجام دینے کی تلقین کی۔اِس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر نے اِنتظامیہ کی تیاریوں کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔اُنہوں نے کہا کہ کھئی گام ،سنگرونی ، ابہامہ ،گدورہ ،چنڈی گام ،پنگلنہ اور پاریگام کو ریڈ زون قرار دیا گیا ہے۔اِس دوران بتایا گیا کہ کووڈ۔19 کے ممکنہ پھیلائو کے خطرات کو دیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے صارفین کو دو ماہ کا پیشگی راشن فراہم کرنے کے عمل آغاز کیا اور مہاجر مزدوروں کو بھی سہولیات فراہم کی جارہے ہیں۔ڈویژنل کمشنر کو بتایا گیا کہ ضلع میں صورتحال سے نمٹنے کے لئے پروجیکٹ جذبہ شروع کیا گیا۔ بعد میں ڈویژنل کمشنر نے افسران کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پرڈویژنل کمشنر نے موجودہ صورتحال کے ساتھ نمٹنے کے لئے مقرر شدہ رہنما خطوط پر عمل پیرا ہونے کی ہدایت دی۔ڈاکٹر وں کے کام کی تعریف کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ طبی اور نیم طبی عملہ کووڈ۔19سے نمٹنے کے لئے قابلِ قدر کام انجام دے رہا ہے۔اُنہوں نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں روسی سفیدوں کے کاٹنے کا کام شروع کریں تاکہ لوگوں کو مستقبل میں مشکلا ت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈویژنل کمشنر نے صورتحال سے نمٹنے کے لئے مختلف محکموں کے مابین مضبوط تال میل پر زور دیا۔