سرینگر// صدر ہسپتال سرینگر میں چوری کیاگیا لیپ ٹاپ اور دیگر اشیاء برآمد کرکے پولیس نے چوروں کو گرفتار کیا ہے۔ ایس ایچ ایم ایس ہسپتال میں تعینات ڈاکٹر سالص مقبول ولد محمد مقبول ساکنہ حول سرینگر نے پولیس تھانہ کرن نگر میں تحریری شکایت کی کہ سیلرو گاڑی زیر نمبرJKOIAB_9684جو صدر ہسپتال کے احاطے میں پارک تھی، نامعلوم افراد نے گاڑی کا شیشہ توڑ کر لیپ ٹاپ،نقد ی اورکچھ کپڑے وغیرہ چوری کرلئے ۔پولیس نے ایف آئی آر زیر نمبر42/2020درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔پولیس نے تحقیقات کے دوران صدر ہسپتال سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی اورمعائنہ کرنے کے بعد ایک شخص کی شناخت فہد نذیر بٹ ساکنہ واتل کدل صفاکدل سرینگر کے طور پر ہوئی۔پولیس اسٹیشن میں طلب کرکے دوران پوچھ گچھ کے اس نے اعتراف کیا کہ اس نے گاڑی سے لیپ ٹاپ چوری کیا اور اسے آزاد احمد خان ساکنہ بمنہ سرینگر کو 5ہزار روپے میں فروخت کیا ہے۔پولیس نے آزاد احمد سے فون پر رابطہ کیا اور اسے کہا کہ لیپ ٹاپ کو ساتھ لیکر آنے کو کہا کیونکہ وہاں ایک اورگراہک ہے جو مذکورہ لیپ ٹاپ کو اچھی قیمت پر خریدنے کیلئے تیار ہے۔ آزاد احمد خان لیپ ٹاپ سمیت پہنچ گیا جہاں پولیس نے مذکورہ ملزم کو چوری شدہ املاک کے ساتھ موقع پر ہی گرفتار کیا۔