سرینگر//نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈ ر مبارک گل نے کہا ہے کہ ریاست میں صدر راج میں عوام سخت مشکلات سے دوچار ہیں۔ حلقہ انتخاب عیدگاہ کے بنگر محلہ نور باغ کے کیمو نٹی حال میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مبارک گل نے کہا کہ صدر راج میں عوام کا کوئی بھی نام لینے والا نہیں ہے ، ہر طرح پریشانی کا عالم ہے اور خاص کر شہری خاص میں بار بار غیر اعلانیہ کرفیوسے تجارت بری طرح سے متاثر ہورہی ہے ۔انہوں نے ریاست کے گورنر سے پرزور گزارش کی کہ شہری خاص کے تمام دستکاروں و کاریگروں کا بنک قرضی فی الفور معاف کئے جائے اور بے روزگارنوجوانوں کو نوکریاں فراہم کی جائے ۔مبارک گل نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ حلقہ انتخاب عیدگاہ کے لوگوں کے لئے ہر ایک ضروری سہولیات کو دستیاب رکھا جائے خاض کر بجلی،پانی،راشن،اور تمام خستہ حال سٹرکوں کی مرمت کی جائے تاکہ عیدگاہ کے عوام کو راحت مل سکے۔مبارک گل نے کہا کہ عوام کافی مشکلات و پریشانیوں میں مبتلا ہیں اورعوام چاہتے ہے کہ ریاست میں اب جلد از جلد اسمبلی انتخابات ہونے چاہے تاکہ عوام کی مشکلات سرکار کے ذریعہ حل اور ریاست میں تعمیر وترقی ہوسکے۔ انہوں نے الیکشن کمشنر آف انڈیا سے اپیل کی کہ ریاست میں اسمبلی انتخابات کا اعلان فوری طور پر کیا جائے تاکہ ریاست میں عوامی نمائندوں کی سرکار کاقیام عمل میں آسکے ۔مبارک گل نے ہندوستان و پاکستان کے وزرائے اعظم سے گزارش کی کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے ایک ساز گار ماحول تیار کیا جائے جس میں حریت کانفرنس کو بھی شامل کیا جائے تاکہ ریاست میں ہورہے بے گناہ خون خرابہ کا خاتمہ ہوسکے اور امن و امان کا ماحول پیدا ہو۔ تقرب میں غلام محمد لون،محمد مقبول میر،یوتھ لیڈر یونس مبارک گل،فیصل گل موجود تھے۔