ممبئی// بھارتی جنتا پارٹی کے قومی صدر امت شاہ نے اتوار کوشوسیناچیف ادھو ٹھاکرے سے باندرہ واقع ان کی رہائش گاہ ماتوشری میں بند دروازہ میں صدر جمہوریہ انتخاب کے سلسلے میں ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق امت شاہ نے ادھو کو مطلع کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی خواہش ہے کہ اس اعلیٰ ترین دستوری عہدہ پر این ڈی اے کا امیدوارفائز ہو۔اس موقع پر وزیراعلیٰ دیویندرفڑنویس بھی شاہ کے ہمراہ موجود تھے۔دونوں کے درمیان تقریباً سواگھنٹہ ملاقات جاری رہی۔جبکہ بی جے پی کے ریاستی صدر راوصاحبدانوے اور شیوسینا کے ایم پی بھی میٹنگ میں شامل ہونے والے تھے، لیکن انہیں شامل نہیں کیا گیا۔ذرائع کے مطابق مذکورہ ملاقات میں بی جے پی صدر نے شیوسینا سربراہ ادھوٹھاکرے سے اپیل کی کہ شیوسینا این ڈی اے کے صدارتی امیدوار کی حمایت کرے۔ادھو ٹھاکرے نے کہاکہ 17جولائی کو ہونے والے الیکشن کے لئے پہلے وہ پارٹی کے امیدوار کانام جاننا چاہیں گے۔بتایا جاتا ہے کہ شاہ نے واضح کردیاکہ مودی ہی امیدوار کے نام کااعلان کریں گے۔اور ہمیں امید ہے کہ شیوسینا ہمارے ساتھ رہت گی۔ادھو نے کہاکہ ان کی پارٹی کانام پیش کیے جانے کے بعد ہی شیوسینا اپنا فیصلہ سنائے گی۔شاہ نے گزشتہ روز کہا تھاکہ ان کی پارٹی این ڈی اے کے اتحادیوں سے صلاح مشورے کے بعد ہی امیدوار کے نام کا اعلان کرے گی اور اس سلسلہ کی کڑی کے طور پر یہ ملاقات ممکن ہوئی ہے۔دونوں اتحادی پارٹیوں میں سخت اختلاف پائے جاتے ہیں۔