سرینگر//مسلم لیگ نے محمد اشرف صحرائی کو تحریک حریت کا چیرمین بنانے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے ’’عین وقت پر لیا گیا فیصلہ‘‘ قرار دیا ہے۔ لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے اخباروں کے نام اپنے بیان میں کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ اس سے تحریک کو ایک نئی جہت ملے گی اور تحریک مزاحمت ایک نئے انداز اور جاندار طریقے سے ابھرے گی اور آنے والے کل میں اس فیصلے کا بھر پور ثمر کشمیر ی قوم کو ملے گا کیونکہ محمد اشرف صحرائی سیاسی بصیرت سے لیس ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی ذی حس اور سیاسی سوجھ بوجھ رکھتے ہیں اور عالمی منظرنامے کے بدلتے سیاسی حالات پر بھرپور نظر رکھتے ہیں۔سجاد ایوبی نے کہا کہ ایک طرف جموں کشمیر کی جو موجودہ زمینی صورتحال ہے وہ انتہائی گھمبیر ہے اور تحریک کو کمزور کرنے کی سازشیں انتہائی عروج پر ہیں وہی دوسری طرف اس قوم کی نوجوان نسل کو تحریک وحریت قایدین سے جس طرح بدظن کیا جارہا ہے وہ بھی نہایت ہی حساس معاملہ ہے لہذا ایسی صورتحال میں محمد اشرف صحرائی کی شخصیت سے یہ امید ہیں کہ وہ ان ہتھکنڈوں اور حربوں کا توڑ کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو تحریک سے جوڑنے میں اپنا قائدانہ کردار ادا کرینگے۔