صحافی رام چندر چھترپتی قتل کیس

چندی گڑھ//صحافی رام چندر چھترپتی کے قتل کیس میں ڈیرہ سچا سود ا کے سربراہ گرمیت رام رحیم سمیت چار قصور واروں کو پنچکولہ کی خصوصی سی بی آئی عدالت نے جمعرات کو عمر قید کی سزا سنائی۔ رام رحیم کو سزا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سنائی گئی۔ خیال رہے کہ رام رحیم روہتک کی سناریا جیل میں بند ہے۔ 11 جنوری کو عدالت نے اس معاملہ میں رام رحیم کو قصوروار قرار دیا تھا۔اس سے پہلے گرمیت رام رحیم سمیت تین دیگر قصورواروں کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ جج کے سامنے پیش کیا گیا۔ فیصلہ سنتے ہی رام رحیم کے چہرہ پر اداسی چھاگئی۔ جج کے سامنے رام رحیم کے وکیل نے کم سزا کا مطالبہ کیا۔ جرنلسٹ کے کنبہ کی طرف سے پھانسی کی سزا کا مطالبہ کیا گیا تھا۔اس درمیان جرنلسٹ رام چندر چھترپتی کی بیٹی شریاسی پہلی مرتبہ میڈیا کے سامنے آئی اور ڈیرہ سچا سودہ سربراہ گرمیت رام رحیم کیلئے پھانسی کی سزا کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے کنبہ نے ایک طویل قانونی جنگ لڑی ہے اور ان کی ماں نے کافی کچھ برداشت کیا ہے۔ شریاسی نے کہا کہ وہ عدالت میں رہ کر دیکھنا چاہتی ہیں کہ جب رام رحیم کو سزا سنائی جائے گی ، تو اس کو کیسا لگتا ہے ، لیکن عدالت میں صرف ان کے بھائی انشل چھترپتی کو ہی جانے کی اجازت دی گئی ۔