شیو سینا کا جموں میں مہنگائی کے خلاف احتجاج

جموں//شیو سینا (بالا صاحب ٹھاکرے ) جموں و کشمیر یونٹ نے جمعے کے روز یہاں پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں ہو رہے اضافے کے خلاف احتجاج درج کیا۔احتجاجیوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈس اٹھا رکھے تھے اور وہ ‘مہنگائی سے راحت دو’ جیسے نعرے لگا رہے تھے ۔اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم پچھلے آٹھ برسوں سے یہاں اچھے دنوں کا انتظار کر رہے ہیں لیکن وہ اچھے دن جموں وکشمیر کے عوام کو نصیب نہیں ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رسوئی گیس، پٹرول، ڈیزل اور دوسرے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔موصوف احتجاجی نے کہا کہ چیزوں کے دام دو سے تین گنا بڑھ گئے ہیں جبکہ لوگوں کی آمدنی کم ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی اپنے اہلخانہ کو دو وقت کی روٹی مشکل سے کھلا سکتے ہیں۔انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ وہ عوام کو مہنگائی سے راحت دلانے کے لئے ٹھوس اقدام کریں۔موصوف احتجاجی نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ لوگوں کو مہنگائی سے لڑنے کے لئے ان کے بینک کھاتوں میں پانچ ہزار روپیے ڈالے ۔