بانہال//سری نگر جموں شاہراہ پر ایک ٹریفک حادثے میں دوافرادزخمی ہوگئے جنہیں فوری طور بانہال اسپتال پہنچایا گیا جہاں سے شدیدزخمی ایک کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا۔اطلاعات کے مطابق اتوار کی صبح جموں جانے والا ایک ٹرک زیر نمبربانہال سے بارہ کلومیٹر دورشیطان نالہ کے قریب سڑک سے لڑھک کر تین سوفٹ گہری کھائی میں جاگرا۔حادثے کی شدت سے ٹرک ٹکڑے ٹکڑے ہوگیااور اس میں سوار دوافراد زخمی ہوگئے ۔حادثے کی خبر سنتے ہی جواہر ٹنل اورٹھٹھار سے بانہال پولیس اورنوگام سے نوگام والنٹیئرزکے رضاکر بچائو کارروائیوں کے لئے جائے واردات پر روانہ ہوئے۔انہوں نے حادثے کی جگہ سے سخت مشقت کے بعددونوں زخمیوں کو نکالا۔حادثے میں زخمی ڈرائیور جگتارسنگھ اور معاون ڈرائیورہرویندر سنگھ ساکنان فتح گڑھ صاحب پنجاب کوایمرجنسی اسپتال بانہال منتقل کیاگیا جہاں سے ڈاکٹروں نے شدیدزخمی ہرویندرسنگھ کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ ریفر کیا،جبکہ جگتار سنگھ کا علاج بانہال کے علاج میں ہورہا ہے ۔پولیس نے اس سلسلے میں ضابطے کی کارروائی شروع کی ہے ۔
شیطان نالہ بانہال میں ٹرک کھائی میں گرگیا،2زخمی
