بانہال//ادہمپور اور بانہال کے سیکٹر میں زیر تعمیر فورلین شاہراہ جہاں دریائے چناب اور دریائے توی کیلئے آلودگی کا باعث بنی ہوئی ہے وہیں سڑک سے اٹھنے والے گرد و غبار سے عام زندگی متاثر ہے۔ اس پروجیکٹ سے ضلع رام بن کو ماحولیات آلودگی سے پاک رکھنے کے تمام دعوے اب تک سراب ثابت ہوئے ہیں اور اس ضمن میں تمام تر باتیں صرف فائیلوں تک محدود ہیں ۔جموں سرینگر شاہراہ پر واقع بانہال کے نزدیک شیربی بی کے مقام فورلین شاہراہ کی تعمیراتی کمپنی کی طرف سے نصب کیا گیا ایک Hot mixing plantبھی آس پاس کی کئی بستیوں اور ماحولیات کیلئے وبال جان بنا ہوا ہے۔ شیر بی بی کے مقام اس پلانٹ میں شاہراہ کے کچھ حصوں پر بچھانے کیلئے میکڈم تیار کیا جاتا ہے اور اس سے نکلنے والے دھویں سے پورے علاقہ میں جیسے دھویں کے بادل چھا جاتے ہیں جس کی وجہ سے کئی بستیوں کے مکینوں کی زندگی اجیرن بنی ہوئی ہے۔ شاہراہ پر شیر بی بی کے مقام قائم اس پلانٹ سے نکلنے والی ماحولیاتی آلودگی اور بھاری دھویں کی وجہ سے شیر بی بی ، وگن ، ہالہ ، چملواس اور ٹھاچی کے کئی علاقوں میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ اس ہاٹ مکسنگ پلانٹ کے قرب و جوار میں رہنے والے مقامی لوگوں نے کہا کہ پچھلے ڈیڑھ مہینے سے اس mixing plantپلانٹ سے نکلنے والی آلودگی اور بدبودار دھویں سے لوگوں کا جینا دوبھر ہوگیا ہے اور گھروں کے اندر بھی سانس لینا دشوار ہوجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پلانٹ کو چلانے کے بعد پورا علاقہ اور فضا نکلنے والے زہریلے دھویں سے بدبودار ہو جاتی ہے اور سانس لینا بھی محال ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ کئی بار اعلیٰ حکام اور فورلین شاہراہ تعمیراتی کمپنی کی نوٹس میں لایا گیا ہے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے اور تعمیراتی کمپنی مسلسل اس آلودگی پیدا کرنے والے پلانٹ کو چلا رہی ہے اور سزا شیر بی بی ، وگن ، ہالہ ، چملواس اور ٹھاچی کے مقامی لوگوں کو بھگتنا پڑ رہی ہے ۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رام بن ،جو فورلین شاہراہ کے کلکٹر بھی ہیں، سے بات کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوسکی ۔