سرینگر//’عالمی ویٹرنری ڈے‘کے سلسلے میں شیرکشمیرزرعی یونیورسٹی ،کشمیرکے اہتمام سے شہامہ کیمپس میں کئی تقاریب کااہتمام کیا گیا۔یونیورسٹی کے ویٹرنیری شعبے اورعالمی بینک کے قومی اعلی ز رعی تعلیم مشن کے اشتراک سے منعقدہ ان تقاریب میں ادارے کی حصولیابیوں کواُجاگر کیاگیا۔عالمی ویٹرنیری ڈے ہرسال اپریل کی چوتھی سنیچروار کو منایا جاتا ہے۔شہامہ میں ویٹرنیری سائنس کے شعبے میں اس دن کاآغاز ایک ماہ طویل تقاریب سے ہوا جس دوران آن لائن اور آف لائن پروگراموں کا سلسلہ منعقدہوگا۔ان میں شجرکاری مہم،تمدنی پروگرام،کھیلوں کے میلے،قومی سائنس دن،قومی صحت دن کے موقعہ پرپروگرام،کسانوں تک پہنچنے کے پروگرام وغیرہ شامل ہیں۔اس موقعہ پرایک ویب نار کا بھی اہتمام کیاگیا جس دوران قومی اور بین الاقوامی مقررین نے کووِڈ- 19عالمگیروباء کے پس منظر میں ویٹرنیری سائنس کی اہمیت کواُجاگر کیا۔مقررین میں ملیشیاء کے ڈاکٹر سارہ عثمان اورڈاکٹر نورالفضاء،بریلی کی ویٹرنیری ریسرچ انسٹی چیوٹ کے ڈاکٹر انیلہ درانی،ڈاکٹرمہیش چندر،ڈاکٹرپرکاش ریڈی،حصار کے گھوڑوں کے قومی تحقیقاتی مرکز کے ڈاکٹر بی آر گلاٹی اورکشمیر کے شیپ ہسبنڈری محکمہ کے ڈاکٹر معروف شاہ شامل تھے۔ سنیچروار کی تقریب میں ویٹرنیری سائنس شعبے کے ڈین نے عالمی ویٹرنیری ایسوسی ایشن کا پرچم لہرایا۔اس موقعہ پر یونیورسٹی کا ترانہ گایا گیا۔پروفیسر زیڈ اے پامپوری سیکریٹری ورلڈ ویٹرنیری ڈے نے موضوع پر خطبہ دیااورڈین فیکلٹی آف ویٹرنیری سائنس نے شعبے کی تعلیمی،تحقیقی اوردیگر شعبوں میں حصولیابیوں کا تذکرہ کیا۔
شیرکشمیرزرعی یونیورسٹی میں ’عالمی ویٹرنیری ڈے‘کے سلسلے میں تقاریب
