شیخ العالمؒ کے ارشاد پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت : ڈاکٹر فاروق

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عالمی یوم ماحولیات پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کیلئے ہم سب کو اپنا رول ادا کرنا ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ وادی کشمیر پوری دنیا میں ماحولیاتی شفافیت سے اعلیٰ مقام حاصل کی ہوئی ہے اور ہم سب پر فرض عائد ہوتا ہے کہ اِس کو قائم دائم رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ نامساعد حالات کے دوران بدقسمتی سے جنگلوں میں درختوں کو بے تحاشہ کاٹا گیا جس سے ماحولیاتی توازن پر نہایت بُرا اثرا پڑا جبکہ ندی نالوں، چشموں اور جھیلوں کو آلودہ کیا جارہا ہے جس سے اِن قدرتی نعمتوں پر بُرے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔داکٹر فاروق عبداللہ نے اپیل کی کہ ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کیلئے لوگوں میں بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کرنے کیلئے ایک بااثر مہم چلائی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا ،کہ ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہمیں شیخ العالمؒ کے ارشاد پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کے پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے دوسرے لوگوں کو بھی اِس مہم میں شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم پودے لگائے اور ان کی حفاظت کریں اور پالی تھین بیگ کی جگہ تھیلا استعمال کرنا چاہیے اور کوڑے کرکٹ سے پالی تھین کو علیحدہ کر کے کوڑے سے نامیاتی کھاد تیار کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ہی میں اپنی گاڑیوں کو آلودگی سے پاک رکھنا چاہئے اور وقت وقت پر پلوشن چک کریں۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ انتظامیہ کو بھی ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کیلئے متحرک رہنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر وسائل سے بھرا ہے ، ہم سب کو مل کر اس کی بہتری کے لئے کام کرنا چاہیے اوراپنے ماحول کو صاف رکھنا چاہیے ۔