سرینگر//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امور صارفین چودھری ذوالفقار علی نے کل شہید گنج میںمحکمے کی عمارت کے تجدیدی کام کاجائزہ لیا۔ اس موقعہ پر وزیر موصوف کو بتایا گیا کہ جموں کشمیر ہائوسنگ بورڈ کی طرف سے جاری تجدیدی کام پر 61لاکھ روپے کی لاگت آرہی ہے اوریہ کام سرعت کے ساتھ جاری ہے۔اس موقعہ پر وزیر موصوف کو عمارت کے تجدیدی کام کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی گئی۔چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ عمارت کے تجدیدی کام کے دوران اس کی روایتی اور ثقافتی شناخت کو برقراررکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔وزیر موصوف نے کہا کہ قدیم وراثتی عمارتوںکو منہدم کرنے کے بجائے ان کی ثقافتی اورروایتی حیثیت کو برقراررکھنے کی ضرورت ہے۔چودھری ذوالفقار علی نے متعلقہ آفیسران کو یہاں کی قدیم عمارتوں کی وارثتی شناخت کو برقراررکھنے پر زوردیا۔محکمہ کے ڈائریکٹر نثار احمد،جوائنٹ کنٹرولر ایل ایم ڈی اور ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اسلم کے علاوہ دیگر آفیسران بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔
تلسی باغ میں گجربکروال بائز ہوسٹل کاافتتاح
امرسنگھ کالج کے متصل قبائلی لڑکیوں کیلئے ہوسٹل تعمیرہوگا
سرینگر//قبائلی امور اورخوراک وشہری رسدات اورامور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ سرکار امرسنگھ کالج کے متصل قبائلی لڑکیوں کے لئے ایک ہوسٹل تعمیر کرے گی۔وزیر موصوف نے ان باتوں کااظہار کل تلسی باغ میںگجربکروال بائز ہوسٹل کی مرمت وتجدید شدہ عمارت کاافتتاح کرنے کے موقعہ پر کیا جسے2014ء کے سیلاب سے شدید نقصان پہنچا تھا۔ہوسٹل عمارت کا افتتاح (ایم او ایس) گجربکروال کی ترقی کے وائس چیرمین اور ممبر اسمبلی بٹہ مالو نورمحمد شیخ کی موجودگی میں کیا گیا۔عمارت کی مرمت کے تجدید کے کام پر77لاکھ روپے خرچ کئے گئے اور یہ کام 6مہینے سے بھی کم عرصہ میں پایہ تکمیل تک پہنچ گیا ۔وزیر موصوف نے کہاکہ سماجی ترقی کے اہداف اُس وقت حاصل نہیں کئے جاسکتے جب تک کہ ہم خواتین کو ترقیاتی عمل میں شامل نہیں کرسکتے ۔چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ خواتین کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنانے کے لئے انہیں معیاری تعلیم کے نورسے آراستہ کرنا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں قبائیلی لڑکیوں کے ہوسٹل کی تعمیر سے انہیں ہر ممکن شہری سہولیات دستیاب ہوں گی۔قبائیلی امور کے وزیر نے کہا کہ بیٹی بچائو،بیٹی پڑھائو کے نعرے کا مقصد اس وقت پورا ہوگا جب لڑکیوں کو ایک مناسب اورموافق ماحول فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ بہتر اور معیاری تعلیم حاصل کرسکیں۔وزیر موصوف نے عمل آوری ایجنسی جموںکشمیر ہائوسنگ بورڈ کو ہوسٹل کی تعمیر کے لئے منصوبہ ترتیب دینے کی ہدایت دی۔اس موقعہ پر کمشنرسیکریٹری سلمیٰ حمید،سیکریٹری ایڈمنسٹریٹو بورڈ برائے ترقی گجربکروال مختار احمد چودھری اور منیجنگ ڈائریکٹر ہائوسنگ بورڈ ڈاکٹر منموہن سنگھ کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔