سرینگر//جموں کشمیرپیپلزمومنٹ کی جنرل سیکریٹری شہلا رشید نے حکومت پرزوردیا ہے کہ وہ آنگن واڑی ورکروں کے مطالبات پر غور کریں جو ریاست بھر میں ریاستی انتظامی کونسل کے اُس فیصلے کیخلاف احتجاج کررہی ہیں جس کی رو سے اُن کی تنخواہ پنچایتی راج اداروں کے ذریعے واگزارکی جائے گی ۔نئے قواعد کے تحت مقامی سرپنچ یاوارڈ افسر مطمین ہوناچاہیے تب ہی ان کی تنخواہ واگزار ہوگی ۔اس سے قبل اُن کی تنخواہ چائلڈ ڈیولپمنٹ افسر کے ذریعے واگزار کی جاتی تھی ۔ آنگن واڑی ورکروں کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے جموں کشمیر پیپلزمومنٹ کے صدر ڈاکٹر شاہ فیصل نے سوشل میڈیا پر حکومت پرزوردیا کہ وہ اس مسئلہ کی طرف فوری دھیان دے اور اس کا حل نکالیں ۔شہلا رشید نے مزیدکہا کہ نئے قواعد سے مشکلات پیدا ہوں گے کیونکہ ان سے خواتین جو حکومت کی ملازم ہیں ،سیاسی عہدیداروں کے ماتحت ہوں گی ،جس سے ان پر سیاسی دبائو پڑنے کااحتمال ہے اورایسے احکامات سے ان کے استحصال کئے جانے کا بھی اندیشہ ہے اور اس حکم کو واپس لیا جانا چاہیے کیونکہ متعلقین نے اس پر تشویش کااظہار کیا ہے ۔