شہر میں ہڑتال سے سڑکوں پر اُلو بولتے رہے

سرینگر//سرینگر میں انتخابات کے دوران مکمل ہڑتال کے نتیجے میں ہو کا عالم دیکھنے کو ملا جبکہ کئی جگہوں پر احتجاج اور سنگبازی کے علاوہ ٹیر گیس گولے بھی داغے گئے،جس کے نتیجے میں 2افسران سمیت کئی اہلکار زخمی ہوے۔سرینگر میں دکانیں مکمل طور پر بند رہیںجبکہ تجارتی و کاروباری مراکز بھی مقفل رہے اور مصروف ترین بازاروں میں جہاں الو بولتے ہوئے نظر آئے۔سڑکیں صحرائی مناظر پیش کر رہی تھیں۔ سڑکوں پر فورسز اور پولیس اہلکاروں کے علاوہ انکی گاڑیاں ہی دوڑتی ہوئی نظر آئیں۔ممکنہ پرتشدد احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر  شہرخاص کے کچھ علاقوںمیں پولیس فورس کے مشترکہ دستے سریع الحرکت رکھے گئے تھے ۔ نٹی پورہ،آنچار، بٹہ مالو،پاندچھ اور دیگر علاقوں میں سنگبازی کے واقعات رونما ہوئے۔باغ مہتاب ،نوگام اور دیگر کئی مقامات پر شام دیر گئے الیکشن ڈیوٹی سے واپس لوٹ رہے فورسز اہلکاروں پر پتھرائو ہوا۔نامہ نگار ارشاد احمد کے مطابق پاندچھ میں شام کے وقت نوجوانوں نے فورسز اور پولیس پر پتھر پھینکے، جس کے نتیجے میں 14 بٹالین کے ڈی ایس پی عابد رشید اور ہوم گارڈس کے ڈی ایس پی طارق احمد سمیت 5 اہلکار زخمی ہوئے۔عینی شاہدین کے مطابق پولیس نے سنگبازوں کو منتشر کرنے کیلئے ٹیر گیس کے گولے داغے۔