شہر میں ہڑتال، اننت ناگ میں پتھرائو، سوپور میں جھڑپیں

سرینگر// پلوامہ شہری ہلاکتوں کے خلاف وادی کے متعدد علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔کشمیر یونیورسٹی میں مہلوک نوجوانوں کے حق میںطلبہ نے کیمپس کے احاطے میں جمع ہوکر غائبانہ نماز جنازہ اداکی۔اس دوران ڈگر ی کالج سوپور کے طلاب نے کلاسوں کا بائیکاٹ کرتے ہوئے کالج سے باہر آکر شہری ہلاکتوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔ پولیس نے احتجاج کررہے طلاب کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کرنے کے علاوہ ہوا میں آنسو گیس کے کئی گولے داغے جس کے ساتھ ہی یہاں حالات پرتنائو رہے۔ اس دوران احتجاج کے نتیجے میں یہاں تمام تجارتی مراکز مکمل طورپر بند ہوگئے جبکہ سڑکوں سے ٹریفک کی نقل و حمل بھی ٹھپ ہوگئی۔ پلوامہ میں صورتحال کو قابو میںرکھنے کے لئے ضلع انتظامیہ نے کرفیو نافذ کردیا ۔سرینگر کے امرسنگھ کالج اور نوہٹہ میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے،جبکہ بعد از دوپہر لالچوک سمیت کئی علاقوں میں ہڑتال کی گئی۔اننت ناگ میں لالچوک اور گانجی واڑہ علاقوں میں پلوامہ ہلاکتوں پر پتھرائو کے واقعات رونما ہوئے جس کے بعد کاروباری ادارے بند ہوگئے۔