سرینگر//کورونا لہر میں آئی نرمی کے باوجود ہفتہ وار بندشوں کا سلسلہ جاری ہے۔سنیچر کو ہفتہ وار بندشوں کے نتیجے میں کاروباری و تجارتی سرگرمیاں ایک بار پھر متاثر رہیںجبکہ پولیس نے کوویڈضوابط کی خلاف ورزی کی پاداش میں5ہزار جرمانہ وصول کیا۔ جموں کشمیر میں کورونا کیسوں میں اضافے کے پیش نظر29اپریل کو کویڈ لاک ڈائون کے نفاذ سے قبل ہی وادی میں ہفتے کے آخری ایام میں لاک ڈائون کا نفاذ عمل میں لایا گیا تھا جس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔کیسوں میں نرمی کے پیش نظر اگرچہ لاک ڈائون کو ہفتہ میں5روز تک ختم کیا گیا ہے تاہم ہفتہ اور اتوار کو اس کا اطلاق اب بھی جاری ہے۔ہفتہ کو لاک ڈائون کے نتیجے میں سرینگر سمیت دیگر اضلاع کے بازار،دکانیں،کاروباری و تجارتی مراکز بند رہے،جس کی وجہ سے عام زندگی متاثر ہوئی۔ مسافربردار و نجی ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل بھی بری طرح متاثر رہی۔ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کیس درج کئے گئے ۔اس دوران ابتک5ہزار115افراد سے6لاکھ11ہزار670 روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا ہے اور اس دوران3گاڑیوں کو ضبط بھی کیا گیا۔پولیس نے ایک بار پھر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ وبائی بیماری کے پھیلائو کو روکنے کیلئے پولیس کو تعاون فراہم کریں اور کویڈ رہنما اصولوں پر عملدرآمد کریں۔