سری نگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے متعلقہ ایجنسیوں کو جہانگیر چوک۔رام باغ فلائی اوور کی تعمیر کاکام ہر صورت میںمئی 2019ء کو مکمل کرنے کی ہدایت دہرائی ہے تاکہ شہر سر ی نگر میں ٹریفک کی گنجانیت کو کم کیا جاسکے اور ٹریفک کی آمد ورفت میں باقاعدگی یقینی بن سکے ۔ترقیاتی کمشنر نے یہ ہدایات کل متعلقہ ایجنسیوں اور ٹھیکیداروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران دیں۔اُنہوں نے عمل آوری ایجنسیوں کو یقین دہانی کرائی کہ میٹرئیل اورادائیگی کا معاملہ کام کی تکمیل میں رکائوٹ کا باعث بننے نہیں دی جائے گا ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ 341کروڑ روپے کی لاگت والا یہ پروجیکٹ 2016 میں مکمل ہونے والا تھا،تاہم اس میں تین سال کی تاخیر ہوئی ہے۔ترقیاتی کمشنر نے کام کی مقررہ وقت میں تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے دن رات اوردوہرے شفٹوں میں کم کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں ڈائریکٹر اینڈ پروجیکٹ منیجر اِرأ، ایس ایس پی ٹریفک ، ایس ایس پی پولیس اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ افسران کے علاوہ پروجیکٹ سے جڑے ٹھیکہ دار بھی موجود تھے۔