جموں//شہر جموں جوکہ ایک تاریخی اہمیت کا حامل شہر ہے۔اس شہر کی صحت وصفائی اور دیگر شہری سہولیات کی دستیابی کی ذمہ داریاں میونسپل کمیٹی نبھاتی تھی تاہم حکومت نے شہر کے لوگوں کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے میونسپل کمیٹی کی جگہ میونسپل کارپوریشن کا قیام چند سال پہلے عمل میںلایا، جس پر جموں کے لوگوں میں خوشی کی ایک لہر دوڑ گئی تھی مگر ان یہ سہانا خواب کئی سال گزرنے کے بعد بھی شرمندۂ تعبیر نہ ہو سکا ۔شہر میں اس وقت بھی صحت و صفائی کی حالت بہت خراب ہے ۔ کسی بھی علاقہ کو دیکھ لیجئے نالیاں ، سڑکیں گندگی سے بھر ی پڑی ہیں،ایک محکمہ آتا ہے نالیاں ، سڑکیںبناتا ہے، دوسرا آتاہے اکھاڑتاہے ۔ یہ سلسلہ سال ہاسال سے چلا آرہا ہے۔کسی بھی محکمہ کے پاس کوئی پلاننگ نہیں ہے۔میونسپل وارڈ 71کی حالت قابل رحم ہے ۔اس علاقہ میںصفائی کرم چاری آتے ہی نہیں ہیں۔مجبور ہوکر اب لوگوں نے اپنے اپنے گھروں کے نزدیک نالیوں اور گلیوں کی صفائی کا کام خود ہی شروع کردیا ہے ۔جموں شہر کے لوگ میونسپل کارپوریشن کے کمشنر سے استدعا کرتے ہیں کہ شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے موثر انتظامات کئے جائیں تاکہ عوام گندگی اور بدبو سے پھیلنے والی بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔