سرینگر// انتظامیہ نے شہر سرینگر میں شام دیر گئے ٹرانسپورٹ سہولیات کو بہم رکھنے کیلئے مختلف روٹوں کا انتخاب کیا ہے ۔ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کشمیر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی کمشنر کی ہدایت پر سنیچر کو یہاں ٹرانسپورٹ کمپنیوں جن میں حاجی پیر ،ایف ڈی ایم ٹیکسی سٹینڈ ہارون ،ہرموکھ ٹرانسپورٹ صورہ ،ویسٹرن موٹر ٹرانسپورٹ اور سٹار ٹرانسپورٹ کمپنی شامل ہیں ،کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ان کمپنیوں نے شہر میں شام7بجے تک ٹرانسپورٹ سروس جاری رکھنے کی حامی بھر لی ۔اس سلسلے میں جن روٹوں کا انتخاب کیا گیا ہے ان میں پارمپورہ سے ہارون کیلئے گاڑیاں لال چوک ،ڈلگیٹ ،نشاط شالیمار کا راستہ اختیار کریں گی ۔اسی طرح صورہ سے احمد نگر ،لل دید سے چاڈورہ جانے والی گاڑیاں باغ مہتاب نوگام ۔لال چوک سے گلاب باغ براستہ رعناواری و حضرت بل ۔جہانگیر چوک سے بڈگام براستہ خمینی چوک ،پانتہ چھوک سے زیون ،پارمپورہ سے ماگام براستہ ایچ ایم ٹی ،اقبال پارک سے بڈگام براستہ ہمہامہ کیلئے گاڑیاںشام 7بجے تک دستیاب رہیں گی ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی ٹرانسپورٹ کمپنی اس پر عمل نہیں کرے گی تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ شہر سرینگر میں مسافر گاڑیاںشام ہوتے ہی سڑکوں سے غائب ہوجاتی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ادھرہارون کے سماجی کارکن پیر بلال احمد نے اس طرح کے اقدام کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ دیر آئید درست آئید کے مصداق اس پر اب عملد رآمد کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوںکو شام کے وقت ٹرانسپورٹ کے حوالے سے پریشانی نہ اٹھانا پڑے۔