سرینگر//وزیر اعظم نریندر مودی 19مئی 2018ء کو شہر سرینگر کے ارد گرد سمی رنگ روڈ پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس سلسلے میں کل صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے آفیسران کی ایک میٹنگ میں پروجیکٹ کے لئے حصول اراضی عمل کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ،چیف انجینئر آر اینڈ بی ،پروجیکٹ ڈائریکٹر این ایچ اے 1،اسسٹنٹ کمشنر سینٹرل،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اوروائس پریذیڈنٹ رِمکے کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ رنگ روڈ پروجیکٹ 42کلومیٹر کا احاطہ کرے گاجو کہ گالندر پانپور سے منی گام گاندربل سے ہوتے ہوئے بڈگام،سرینگر ،بارہمولہ اوربانڈی پورہ کے ارد گرد تعمیر کیا جائے گا۔میٹنگ کے دوران تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں نے پروجیکٹ کے حوالے سے ہورہی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی۔صوبائی کمشنر نے این ایچ اے 1کو باقی رقومات متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو منتقل کرنے کی ہدایت دی تاکہ وہ آگے اس رقم کو اُن لوگوں میں تقسیم کر سکیں جن سے پروجیکٹ کے لئے زمین حاصل کی گئی ہے۔صوبائی کمشنر نے تمام متاثرہ کنبوں کو معاوضے کی رقم فوری طور منتقل کرنے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے مختلف محکموں کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے پر زوردیا۔انہوںنے متعلقہ آفیسران پر دوہرے شفٹ میں بھی کام کرنے کی ہدایت دی تاکہ وزیر اعظم کی طرف سے 19مئی کو پروجیکٹ کا سنگ بنیاد ڈالنے تک ابتدائی کام مکمل کیا جاسکے۔بصیر احمد خان نے کہا کہ یہ سڑک پروجیکٹ جنوبی کشمیر اور وسطی کشمیر کے درمیان اہم سڑک رابطے کے لئے ایک نیا سنگ میل ثابت ہوسکتا ہے جس سے بین ضلعی ٹرانسپورٹ خدمات میں نمایاں بدلائو آئے گا اورعام لوگوں کو بھی بہتر ٹرانسپورٹ سہولیات میسر ہوں گی۔پلوامہ ،بڈگام،بارہمولہ ،بانڈی پورہ اور گاندربل کے ضلع ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔