سرینگر// نیشنل کانفرنس نے شہری ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوموں کی ہلاکت کا کوئی جواز نہیں ہے۔ پارٹی کے ترجمانِ اعلیٰ آغا سید روح اللہ نے پلوامہ میں تصادم آرائی کے دوران شہری کی ہلاکت ، پٹن کے زخمی نوجوان اور شوپیاں کے زخمی پی ڈی پی کارکن کے فوت ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوموں کی ہلاکت کو کوئی بھی جواز نہیں بخشا جاسکتا، انسانی جان سب سے زیادہ قیمتی ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تصادم آرائیوں میں عام شہریوں کی ہلاکتیں انتہائی تشویشناک امر ہے اور مستقبل میں ایسے واقعات رونما نہیں ہونے چاہئیں۔روح اللہ نے کہا کہ احتجاج کا جواب گولی اور طاقت کا بے تحاشہ استعمال نہیں ہوسکتا اور نہ ہی سیاسی نظریات کی بنیاد پر کسی کی جان لینا انسانی و جمہوری تقاضوں سے میل کھاتا ہے۔