سر ینگر // نیشنل پینتھرس پارٹی صدر پروفیسربھیم سنگھ نے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے اپیل کی کہ وہ آئین کے تحت اپنے ہنگامی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو فوری طور پر بزرگ شہریوں، طلاب، معذوروں اور دیگر تمام ہندوستانی شہریوں کی رعایتی مراعات بحال کرنے کی ہدایت دیں جنہیں آج کی حکومتوں نے واپس لے لیا ہے۔ سی این ایس کے مطابق پروفیسر بھیم سنگھ نے ہندوستان کے صدر سے درخواست کی کہ وہ ہندوستانی شہریوں کو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں حکمرانوں کی آمریت سے بچانے کے لیے مداخلت کریں۔ جموں و کشمیر اور لداخ میں 85 فیصد سے زیادہ لوگ بھاری ٹیکسوں اور ریلوے، پبلک ٹرانسپورٹ سمیت اشیائے ضروریہ کی اونچی قیمتوں کا شکار ہیں۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی اپنے عروج پر اور سبزی ، پھل، ٹرانسپورٹ، ریلوے، انٹرنیٹ وغیرہ شامل ہیں ، غریب آدمی کی حالت خراب ہے اور حکومت کو اس کی فکر نہیں ہے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پبلک ٹرانسپورٹ، ٹرینوں، بسوں وغیرہ میں سفر کرنے والے مسافروں کو کوئی راحت نہیں دی گئی ہے، حالانکہ پبلک ٹرانسپورٹ جیسے بسیں، شارٹ روٹ کیریئر، میٹاڈور، تھری وہیلر اور ٹیکسیاں، حتیٰ کہ ریلوے بھی زیادہ کرایہ وصول کر رہے ہیں۔. بزرگ شہریوں اور طلباء اور بہت سے دوسرے طبقے کے لوگ جنہیں اس سے قبل کورونا وائرس کے نام پر کچھ مراعات اور سہولیات حاصل تھیں، یہ تمام مراعات اور سہولیات واپس لے لی گئی ہیں۔