سرینگر//شہر میں آوارہ کتوں کی بڑھتی آبادی کو قابو کرنے کیلئے سرینگر میونسپل کارپوریشن ایک بڑا پروگرام شروع کرنے جارہی ہے۔ 75فیصد آوارہ کتوں کی نس بندی اور ریبیز مخالف ویکسینیشن پروگرام کو کتوں کی افزائش کو قابو کرنے سے متعلق 2001میں وضع کئے گئے قواعد کے تحت شروع کیا جائیگا۔ انیمل برتھ کنٹرول (ABC)اور اینٹی ریبیز ویسکینشین (ARV)کو تجربہ کار پیشہ ور ایجنسیوں و تنظیموں کے ذریعہ انجام دیا جائیگا۔ سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اطہر عامر کاکہنا ہے کہ شہر میں آوارہ کتوں کی آبادی کو قابو کرنا ایک بڑا چلینج ہے اور ایس ایم سی نے 75فیصد آوارہ کتوں کی پیدا ہونے کی شرح اور ریبیز مخالف ویکسینیش پروگرام کو بھارت کے جانوروں کی بہبودکے بورڈ کے رہنما خطوط کے تحت شروع کیاگیا ہے۔ اطہر عامر نے کہاکہ پروگرام کو سکاسٹ(کشمیر)، گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے پریوینٹیو اینڈ سوشل میڈیسن اور سول سوسائٹی ممبران اور غیر سرکاری انجمنوں کے ساتھ حتمی شکل دی گئی ہے۔