نئی دہلی//اقوام متحدہ ہیومن رائٹس کونسل کو ہدف تنقید بناتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہاکہ کسی کو یہ حق نہیں بنتا کہ وہ بھارت کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرے۔ انہوںنے کہاکہ جموںوکشمیر کی صورتحال کے متعلق اقوام متحدہ ہیومن رائٹس کونسل کی جانب سے لب کشائی کرنا سمجھ سے بالا تر ہے۔ انہوںنے کہاکہ ماضی میں بھی اس ادارے کا کشمیر کے متعلق ٹریک ریکارڈ ٹھیک نہیں رہا ہے۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہاکہ کشمیر کے متعلق ہیومن رائٹس کونسل نے ماضی میں بھی غلط بیانی سے کام لیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس ادارے کو چاہئے کہ وہ پاکستان کو دہشت گردی کے ڈھانچے کو منہدم کرنے پر زور دے تاہم اس کے بجائے بھارت کے اندرونی معاملات میں ہی مداخلت کی جارہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ سبھی کو پتہ ہے کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف درپردہ جنگ شروع کی ہے اور اس ملک میں ہی ملی ٹینسی کے محفوظ ٹھکانے موجود ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ جموںوکشمیر کی صورتحال اس وقت ماضی کے مقابلے میں اچھی ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت نے حال کے ایام میں بین الاقوامی سفرا ء کو دو بار جموںوکشمیر کا دورہ کرنے کی اجازت دی جس دوران انہوںنے جموںوکشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا اور وہاں لوگوں سے بھی گفت وشنید کی۔