سرینگر // عید الضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی شہر سرینگر میں قائم منڈیوں میں خواہشمند لوگ بھیڑبکریاں اور دیگر جانور خرید رہے ہیں لیکن ان سبھی جانوروں کی خریدوفروخت میں قیمتوں کاکوئی خیال نہیں رکھاجارہاہے ۔مٹن ڈیلرس ایسوسی ایشن کشمیر کا کہنا ہے کہ کشمیر وادی میں اُس وقت 4لاکھ کے قریب قربانی کے جانور موجود ہیں ۔عید گاہ اور دیگر کئی مقامات پرپر منڈیاں قائم کی گئی ہیں جہاں پر جانوروں کی خرید و فروخت ہورہی ہے۔تاہم لوگ شکایت کررہے ہیںکہ قربانی کے جانوروں الخصوص مقامی ودرآمدشدہ بھیڑبکریوں کی مقررہ یامشتہرکردہ قیمتوں کاکہیں کوئی پاس ولحاظ نہیں کیاجارہاہے ،جسکے نتیجے میں غریب اورمتوسط گھرانے سنت ابراہیمی پرعمل کرنے میں مشکلات کاسامناکررہے ہیں ۔ایک خریدار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پہلے جو لوگ ایک سے دو جانوار خرید کر قربانی کرتے تھے وہ اب ایک بھی جانور بھی نہیں خرید سکتے ہیں کیونکہ قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں اوراُس کی روکتھام کیلئے کوئی بھی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی۔محکمہ امور صارفین وعوامی تقسیم کاری کے ڈپٹی ڈائریکٹر سپلائز محمد اسلم نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ نے قربانی کے جانوروں کی قیمتیں مقرر کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ قیمتیں محکمہ شیپ ،انیمل ہسبنڈی اوردیگر متعلقہ محکمہ کے ساتھ تال میل کے بعد مقرر کی گئیں ۔اُسکی رئوسے زندہ بھیڑ(دلی)کی فی کلو قیمت210روپے،زندہ بھیڑ(Merino)کی فی کلو210روپے،بھیڑ(بکروال)کی قیمت فی کلو200روپے اورمقامی زندہ بھیڑکی قیمت فی کلوگرام200روپے مقررکی گئی ہے جبکہ بکری فی کلوکی قیمت190روپے مقررہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر کچھ لوگ خوشی سے بھی 10سے 20روپے مہنگا گوشت عید قربان کیلئے لے رہے ہیں تو اُس میں کچھ نہیں کیا جا سکتا البتہ محکمہ نے ہر ایک ضلع میں چیکنگ سکارڈ ٹیموں کو متحرک رکھا ہے اور خلاف ورزی کرنے کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی ۔مٹن ڈیلر ایسوسی ایشن کشمیر کے جنرل سکریٹری معراج الدین گنائی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پچھلے تین روز سے روزانہ 10ہزار سے 15ہزار جانوار بیرون ریاستوں سے وادی آرہے ہیں جبکہ چار ہزار جانور ہر دن وادی کے پہاڑی علاقوں سے خرید وفروخت کیلئے شہر اور قصبہ جات میں لائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جانوروں کی وادی میں کوئی بھی قلت نہیں ہے اور وادی میں اس وقت 4لاکھ جانور موجود ہیں ۔ڈپٹی ڈائریکٹر شیب ہسبنڈری محمد شریف نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہر ایک منڈی میں فسٹ ایڈ سنٹر کھولے گئے ہیں۔