سرینگر //شہر خاص کی کئی بستیوں میںجہاں پہلے سے ہی ڈرنیج سسٹم ناکارہ ہے وہیں گندے پانی کی نکاسی کیلئے کئی سال قبل تعمیر کی گئی نالیاں بھی جام ہو چکی ہیں جس کے سبب گندہ پانی سڑکوں اور لوگوں کے گھروں میں داخل ہو رہا ہے اور انتظامیہ خواب خرگوش میں ڈوبی ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ نالہ مار سے منسلک جو اندرانی علاقے ہیں ،وہاں نالیوں کے جام ہونے کے سبب لوگوں کو پریشانی کا سامناکرناپڑرہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ راجوری کدل ، کائو ڈارہ ، نرورہ ، سازگری پورہ ، ڈانگر پورہ ، ڈلی پورہ ، مکر پورہ ،آرم پورہ کے علاوہ دیگر گنجان بستیوں کی حالت یہ ہے کہ وہاں گھروں سے نکلنے والا گندہ پانی نالیوں کے جام ہو جانے سے گلی کوچوں سڑکوں پر جمع ہو جاتا ہے جس کے نتیجے میں ایک تو بدبھو پھیل جاتی ہے وہیں راہگیروں کو بھی چلنے میں سخت دقتیں پیش آتی ہیں ۔لوگوں کاکہنا ہے کہ انہوں نے کئی بار اس حوالے سے انتظامیہ کو آگاہ کیا لیکن اُن علاقوں میں نالیوں اور ڈرینج سسٹم کی مرمت کے حوالے سے کوئی بھی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی جس کے سبب انہیں مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے ۔لوگوں نے میونسپل حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ علاقوں کی جانب خصوصی دھیان دے کر لوگوں کی مشکلات کو دور کیا جائے تاکہ شہریوں کو آنے والے دنوں میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔