سرینگر //نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر ودیہات کی خستہ حال سڑکوں کی مرمت کی جائے۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا ہے کہ ناگفتہ بہہ حالت میں پڑی سڑکوں پر لوگوں کو گاڑیوں میں سفر کرنے کے دوران سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے آر پار تجارت کو فی الفور بحال کرنے کے علاوہ جموں سرینگر شاہراہ پر ماضی کی طرح دن رات ٹریفک بحال کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔شمال وجنوب سے آئے پارٹی ورکروں نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی نوٹس میں اپنے مسائل لائے جس کے بعد ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ گذشتہ کئی برسوں سے وادی کے عوام اقتصادی اور معاشی بدحالی سے پریشان حال ہے ،سیاحتی شعبہ ٹھپ پڑا ہے اور جی ایس ٹی کی وجہ سے ریاستی عوام خصوصاکاروباری طبقہ دستکار جن کی تعداد لاکھوںمیں ہے ،جی ایس ٹی کی وجہ سے پریشان اور مشکلات سے دوچار ہیں ۔دریں اثنا ڈاکٹر فاروق نے جمعہ کی نماز درگاہ حضرت بل میں دا کی جہاں انہوں نے امن اور اہل وادی کو تباہ کن صورتحال سے نجات کیلئے دعا کی اور ساتھ میں ہندوپاک کے درمیان دوستی اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھی دعا مانگی ۔