سرینگر// سرینگر شہر میں گاڑیوں کی بے ہنگم نقل وحمل اوربیشترٹریفک سگنلوں کے ناکارہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک نظام کی صورتحال ابتر ہوگئی ہے جس سے لوگوں کوزبردست مشکلات کاسامناہے جبکہ سرشام ہی شہرمیں مسافر گاڑیوں کے سڑکوں پر سے غائب ہوجانے سے بھی ملازمین ،طالب علموں،تاجروں اور عام لوگوں کو گھر پہنچنے میں دقتوں کاسامناکرنا پڑتا ہے ۔شہرمیں ٹریفک نظام کو باقاعدہ بنانے میں انتظامیہ کی ناکامی پر لوگوں میں زبردست غم وغصہ بھی پایا جاتا ہے۔ شہرکی سڑکوں پر مسافر گاڑیوں، آٹو رکھشائوں اور نجی گاڑیوں کی بے ترتیب نقل وحمل سے جگہ جگہ ٹریفک جام کے منظر دیکھنے میں آتے ہیں اور مصروف اوقات میں چند کلومیٹر کافاصلہ گھنٹوں میں طے ہوتا ہے ۔ جس کے نتیجے میں مسافروں کو کافی دشواریوں کا سامنا ہے ۔شہر میں ٹریفک نظام کو بہتر کرنے کیلئے جگہ جگہ پر ٹریفک سگنلوں کو نصب کیا گیا تھا جس کی وجہ سے کچھ حد تک ٹریفک نظام میں بہتری آئی تھی اورسڑکوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کے کام میں بھی آسانی ہوئی تھی تاہم کئی جگہوں پر ٹریفک سگنلوں کے خراب ہونے کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر شہر میں ٹریفک نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کو نجی و مال و مسافربردار گاڑیوں کی آمد و رفت کے نظام کو بہتر بنانے میں کافی مشقت کرنی پڑتی ہے ۔کئی دکانداروں اور راہگیروں نے کہا کہ جہانگیر چوک میں گزشتہ3ماہ سے ٹریفک سگنل خراب ہوئی ہے جس کی وجہ سے وہاں ٹریفک جام کے منظر ہر سو نظر آ رہے ہیں ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر چہ میونسپل کارپوریشن اورضلع انتظامیہ نے کہا تھا کہ شہر سرینگر میں ٹریفک نظام کو بہت جلد بہتر کیاجائے گا اور اس حوالے سے انتظامات بھی کئے جائیں گے تاہم وہ سراب ثابت ہوئے ۔انہوں نے الزام عائدکیا کہ انتظامی افسران نے یقین دہانی کرائی تھی کہ شہر میں ٹریفک نظام کو ٹھیک کیا جائے گا تاہم وہ انتخابی عمل میں مصروف ہو گئے اور شہری عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑدیا۔ اس دوران شہری عوام نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ شام ہوتے ہی مختلف روٹوں پر مسافر گاڑیاں اچانک غائب ہو جاتی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتاہے ۔انہوں نے کہا کہ بائی پاس ، پانپور ، بٹوارہ ، شیو پورہ ، کنی پورہ ، نوگام ، ایچ ایم ٹی ، بمنہ سمیت درجنوں روٹوں کی گاڑیاں غائب ہونے سے مسافر گھر وقت پر نہیں پہنچ پاتے اور انہیں مجبوراً آٹو رکھشائوں میں اضافی کرایہ دے کر گھر جانا پڑتا ہے۔انہوںنے ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر ودیگر عملہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ان گاڑی ڈرائیوروں اور مالکان کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں جو سرشام ہی گاڑیا ںلیکرگھروں کی راہ لیتے ہیں ۔
شہرمیں ٹریفک نظام بے حال،جگہ جگہ ٹریفک جام،متعددسگنل بے کار
