سرینگر //شہر خاص کے مصروف ترین بازاروں زینہ کدل، مہاراج گنج، بہوری کدل ، نوہٹہ ،خانیار اور دیگر علاقوں میں کارپارکنگ کی عدم دستیابی کی وجہ سے نہ صرف تاجروں ، خریداروں اور مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ شہر خاص کارڈنیشن کمیٹی کے چیرمین نذیر احمد شاہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ ہم نے شہر خاص میں کار پارکنگ کی سہولیات کی مانگ لیکر ہر دفتر اور افسر کا دروازہ کھٹکٹایا لیکن کسی نے ہماری بات پر توجہ نہیں دی‘‘۔انہوں نے کہا کہ زینہ کدل، بہوری کدل، خانیار ، نوہٹہ اور دیگر علاقوں میں پارکنگ کی عدم دستیابی کی وجہ سے تاجروں کو کافی نقصان اٹھانا پڑتا ہے جبکہ گاڑیاں سڑکوں پر جمع ہونے کی وجہ سے بار بار ٹریفک جام جیسی صورتحال بھی پیداہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دہائی قبل پارکنگ کیلئے زمین کی نشاندی کی گئی لیکن اس پر کام شروع نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ضلع انتظامیہ سرینگر سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں جلد کار پارکنگ فراہم کی جائے۔ ایک اور تاجر اشتیاق احمد نے بتایا کہ ٹریفک جام کی وجہ سے نہ صرف عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ گاڑیوں سے اٹھنے والی دوھول مٹی کی وجہ سے دکانوں میں رکھا سامان بھی خراب ہوجاتا ہے۔ اشتیاق احمد نے بتایا’’ ضلع انتظامیہ سرینگر کار پارکنگ فراہم کرکے نہ صرف تاجروں کو راحت فراہم کرے گی بلکہ مقامی لوگوں کی دیرانہ مانگ بھی پوری ہوجائے گی۔ مقامی تاجروں اور لوگوں نے صوبائی انتظامیہ اورسے اپیل کی ہے کہ وہ معاملہ کا سنجیدہ نوٹس لیکر پارکنگ کی سہولیات فراہم کریں۔