الامارات ، (یو این آئی) اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن (46 ، 4/9) کی شاندار کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش نے جمعرات کے روز یہاں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے گروپ بی کوالیفائر میں پاپوا نیو گنی کو 84 رنز سے شکست دی۔بنگلہ دیش کی اس فتح میں شکیب نے اہم کردار ادا کیا۔ شکیب نے پہلے بلے بازی میں تین چھکوں کی مدد سے 37 گیندوں پر 46 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور بعد میں اپنی اسپن بولنگ سے حریف ٹیم کی مڈل آرڈر بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔ شکیب نے چار اوورز میں نو رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے مڈل آرڈر کے تمام بلے بازوں کو اپنا شکار بنا لیا۔ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بنگلہ دیشی ٹیم نے 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 181 رنز بنائے جس میں شکیب کے علاوہ کپتان محمود اللہ ، لٹن داس ، عفیف حسین اور محمد سیف الدین نے اہم کردار ادا کیا۔ محمود اللہ نے 28 گیندوں پر تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 50 ، لٹن نے 23 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 29 ، عفیف نے 14 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 21 اور سیف الدین نے ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد چھ گیندوں پر 19 رنز بنائے ۔دوسری اننگز میں بڑے ہدف کے تعاقب میں پاپوا نیو گنی 19.3 اوورز میں 97 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ وکٹ کیپر بلے باز کیپلن ڈوریگا کے علاوہ باقی کوئی بھی بلے باز گیند بازوں کے سامنے نہ ٹھہر سکا۔ ڈوریگا نے 34 گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے ۔ اس سے قبل پاپوا نیو گنی کی بولنگ بھی مایوس کن رہی۔ کپتان اسد والا ، کبوا واگی موریا اور ڈیمین راوو نے دو دو اور سائمن اتائی نے ایک ایک وکٹ ضرورحاصل کی ، لیکن وہ بنگلہ دیش کو بڑا اسکور کرنے سے نہیں روک سکے ۔