شوپیاں 5ویں روز بھی بند

 شوپیان // شوپیان میں 5روز سے ہڑتال بدستور جاری ہے۔اس دوران کئی مقامات پر جھڑپوں کے دوران پیلٹ سے 7افراد مضروب ہوئے جن میں ایک کی آنکھوں کو پیلٹ لگے اور اسے سرینگر منتقل کردیا گیا۔2جنگجوؤں اور 4 عام شہریوں کی ہلاکت کے خلاف ضلع شوپیان میں جمعہ کو مسلسل پانچویں روز بھی احتجاجی و تعزیتی ہڑتال سے معمول کی زندگی بری طرح متاثر رہی۔جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی بدستور پانچویں دن بند رکھی گئی۔ضلع میں تمام دکانیں،کاروباری ادارے اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ بھی مکمل طور غائب رہا۔ 4 مارچ کی شام پہنو شوپیان میں فوج کی موبائل چیکنگ کے دوران 2جنگجوؤں کے علاوہ 4 عام شہری مارے گئے تھے۔اس واقعہ کے خلاف پلوامہ اور شوپیان اضلاع میں زبردست احتجاجی مظاہرے ہوتے رہے۔ ضلع پلوامہ میں اگرچہ جمعرات کو ہی حالات میں سدھار آیا اور روز مرہ کی زندگی پٹری پر لوٹ آئی تاہم بنا کسی کال کے شوپیان میں مسلسل پانچویں روز بھی ہڑتال جاری رہی۔ ادھر امام صاحب، سوفر نامن اور میمندر میں مشتعل مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئیں جس کے دوران پتھرائو اور شلنگ کی گئی۔سوفر نامن میں تصادم آرائی میں پیلٹ سے 7افراد مضروب ہوئے جن میں مشتاق احمد ملک  کی آنکھوں کو پیلٹ لگے اور اسے سرینگر لیا گیا۔سوفر نامن میں فورسز نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ شام کے وقت کنی پورہ میں پتھرائو اور شلنگ جاری تھی۔