عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// شوپیان ضلع میں پولیس نے غیر ملکی شہریوں کی میزبانی کرنے والے تمام ہوٹلوں، گیسٹ ہائوسز، ہوم سٹیز اور دیگر رہائشی اداروں کے لیے فارم سی جمع کرانا لازمی قرار دیا ہے۔ آپریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مہمان چیک ان کے فورا ًبعد رجسٹریشن کے مقررہ طریقہ کار پر عمل کریں۔ہفتہ کو جاری کردہ عوامی ایڈوائزری کے مطابق تمام ہوٹل مالکان اور رہائش فراہم کرنے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ چیک ان کے وقت ہر غیر ملکی مہمان کے پاسپورٹ اور درست ویزا کی تصدیق کریں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ فارم سی کو غیر ملکی مہمان کی آمد کے فورا بعد ایف آر آر او فارم سی پورٹل کے ذریعے آن لائن جمع کرانا چاہیے۔پولیس نے تمام رہائش فراہم کرنے والوں کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ معائنہ کے لیے غیر ملکی شہریوں کا مناسب ریکارڈ رکھیں اور جب بھی ضرورت ہو پولیس اور دیگر مجاز حکام سے مکمل تعاون کریں۔ سخت کارروائی کا انتباہ، شوپیان پولیس نے کہا کہ فارم C جمع کرانے میں ناکامی یا غلط معلومات فراہم کرنے سے قانون کے قابل اطلاق دفعات کے تحت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ایڈوائزری میں کہا گیا کہ فارم سی کا بروقت جمع کرانا قومی سلامتی کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ غیر ملکی مہمانوںکے لیے محفوظ اور محفوظ مہمان نوازی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے۔یہ ہدایات مفاد عامہ میں جاری کی گئی ہیں، تمام اسٹیک ہولڈرز سے کہا گیا ہے کہ وہ طے شدہ طریقہ کار کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنائیں۔