شوپیان// جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں اور پلوامہ میںلطیف ٹائیگر سمیت 3جنگجوئوں کی ہلاکت کیخلاف سنیچر کو ہڑتال جبکہ ریل سروس دوسرے روز بھی معطل رہی۔ اسلامک یونیورسٹی نے ہفتہ کے روز ہونے والے تمام امتحانات کو ملتوی کیا تھا۔شوپیاں ضلع کے تمام بازاروں میں ہفتے کے روز بھی ہو کا عالم چھایا رہا، دکانیں بند، تجارتی سرگرمیاں معطل اور تعلیمی ادارے اور ٹیویشن سینٹر بند رہے، سرکاری دفاتر اور بنکوں میں بھی کام کاج متاثر رہا جبکہ سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل نہ ہونے کے برابر رہی۔ضلع پلوامہ کے بعض حصوں میں بھی ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے۔ دکانیں بند رہیں جبکہ سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل متاثر رہی۔حکام نے دونوں اضلاع کے حساس علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری کو تعینات رکھا تھا۔اس دوران طارق مولوی ساکن مولو چتراگام نامی جنگجو کو کل رات نہ دفنانے کا فیصلہ کیا گیا جنہیں سنیچر کی صبح سپرد خاک کیا گیا۔ادھر ریلوے حکام نے سرینگر بانہال ریل سروس ہفتے کے روز مسلسل دوسرے دن بھی معطل رکھا۔انتظامیہ اور پولیس محکمہ ریلوے کو ہدایت دی تھی کہ ہفتے کے روز بھی ریل سروس کو معطل رکھا جائے۔ تاہم شمالی کشمیر میں ریل سروس حسب معمول جاری رہی۔