شوپیان// ضلع ہیڈکوارٹر سے 14کلو میٹر دور چک نوگام گائوں میں ملی ٹینٹوں فرار ہونے میں کامیاب ہوئے جس کے بعد 14گھنٹے سے جاری محاصرہ ختم کیا گیا۔مسلح تصادم میں فوج کے 3اہلکار زخمی ہوئے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ اُنہیں گائوں میں کم سے کم 2ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی، جس کے بعد منگل کی شام7بجے،34آر آر، 14بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس ٹاسک فورس شوپیان نے مشترکہ طور پر محاصرہ کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جونہی ایک مشتبہ جگہ کی طرف فورسز کی ایک پارٹی پیش قدمی کررہی تھی تو ملی ٹینٹوں نے اچانک سیکورٹی فورسز پر حملہ کردیا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ شام دیر گئے 7بجکر25منٹ پر فائرنگ ہوئی جس کے بعد مکمل طور پر خاموشی چھا گئی۔ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ سے فوج کے3،اہلکار شدید زخمی ہوئے جنکی شناخت گنر سوم ویر کمار،لانس نائیک مانک سنگھ اور لانس نائیک سنیل کمار کے بطور ہوئی ، جنہیں فوری طور پر 92بیس فوجی اسپتال میں منتقل کردیا گیا ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کوخدشہ تھا کہ ملی ٹینٹوں نے فائرنگ کے بعدمحمد اسحاق ڈارکے یک منزلہ مکان میں پناہ لی لیکن بعد میں یہاں ملی ٹینٹوں کی موجودگی نہیں ملی۔صبح سات بجے تک گائوں میں تلاشی کارروائی جاری رہی جس کے بعد صبح ساڑھے 8بجے محاصرہ اٹھایا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ ابتدائی فائرنگ کے بعد ہی ایک غیر ملکی سمیت 2ملی ٹینٹ فرار ہونے میں کامیاب ہوئے جن کی تلاش جاری ہے۔