سرینگر//شوپیان ضلع میں بجلی کی بحرانی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔محکمہ پی ڈی ڈی کے ذرائع نے بتایا کہ ضلع ہیڈکوارٹر سے 4کلو میٹر دور کنی پورہ میں قائم گرڈ اسٹیشن کو مرکزی گرڈ اسٹیشنوں سے جو پاور سپلائی کیا جاتا تھا ،اس میں حیرت انگیز طور پر بھاری کٹوتی کی گئی اور اس پورے عمل سے شوپیان ضلع کے صارفین کو ناقابل برداشت پاور بریک ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ کنی پورہ گرڈ اسٹیشن کو روزانہ کی بنیاد پر 38 سے 40 میگا واٹ بجلی فراہم کی جاتی تھی لیکن اس میں 12 میگا واٹ کمی کرکے 25 سے 26 میگا واٹ تک محدود کردیا گیا ہے۔پی ڈی ڈی ذرائع نے بتایا کہ کنی پورہ پاور گرڈ 8 بڑے رسیونگ اسٹیشنوں کوسپلائی کرتا ہے اور سپلائی نظام میں کمی کے باعث مذکورہ رسیونگ اسٹیشنوں کی پوزیشن تشویشناک حد تک متاثر ہوئی ہے اور اس وجہ سے قریباً 180 دیہات میں بجلی کی بحرانی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور حد تو یہ ہے کہ اب میٹر رڈ علاقوں اور غیر میٹررڈعلاقوں میں کوئی فرق نہیں رہا ہے اور اب پورے ضلع میں صارفین کو 24 گھنٹوں میں مشکل سے 9 یا 10 گھنٹے بجلی آنکھ مچولی کی صورت میں فراہم کی جاتی ہے۔محکمہ پی ڈی ڈی کے ایک آفیسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کنی پورہ شوپیان میں قائم گرڈ کم صلاحیت والا ہے اور اس گرڈ کی صلاحیت بڑھانے کے لئے 2سال قبل چیف انجینئر پی ڈی ڈی کشمیر اور دیگر منسلک اداروں کے افسران کو تحریری طور آگاہ کیا گیا ہے لیکن کئی سال گزرنے کے باوجود کنی پورہ گرڈ اسٹیشن کوتکنیکی اعتبار سے با صلاحیت نہیں بنایا گیا۔