شاہد ٹاک +عاصف بٹ
سرینگر+کشتواڑ// سیکورٹی فورسز نے جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع میں تین افراد کو حراست میں لیا اور تلاشی آپریشن کے دوران دھماکہ خیز مواد اور مجرمانہ مواد برآمد کیا ہے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ مخصوص انٹیلی جنس معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے، پولیس نے شوپیان کے پڈسو علاقے میں کارروائی کی اور بیگم گاں کے تین باشندوں کو حراست میں لیا۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران ان کے قبضے سے دو دستی بم، چار حزب پوسٹر، 2.5 کلو گرام دھماکہ خیز مواد اور چار موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ برآمد شدہ مواد کو قبضے میں لے لیا گیا ہے اور اس کی فرانزک اور تکنیکی جانچ جاری ہے۔ادھرجموں و کشمیر پولیس نے کشتواڑ میں دو اپر گروانڈ ورکر اور ایک سرکاری ملازم کو گرفتار کیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، کشتواڑ، نریش سنگھ نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف ایک بڑے کریک ڈائون میں، کشتواڑ کے دچھن علاقے میں مقامی ملی ٹینٹوں کو مدد فراہم کرنے میں ملوث دو اہم ملزمان کو آرمس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس سٹیشن کشتواڑ میں درج ایک کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ۔ سنگھ نے کہا کہ پولیس نے محتاط تفتیش کے بعد ملی ٹینٹوں کی سہولت کاری میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میںمحکمہ جنگلات میں ایک سرکاری ملازم طارق احمد گنو اور محمد اقبال کو گرفتار کیا جو دونوں ٹنڈر، دچھن، کشتواڑ کے رہنے والے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل، منیر احمد اور مشکور احمد، دونوں چھاترو کے رہائشی تھے، کو بھی اسی طرح کے جرائم میں گرفتار کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پورے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور تمام ملوث افراد کو قانونی کارروائی کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔