شوپیان//پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں انتہائی حساس قرار دئے گئے جنوبی اضلاع شوپیان اور پلوامہ میں سوموار کو ہونے والی پولنگ سے قبل ہی حالات کشیدہ بنے ہوئے ہیں ۔دونوں اضلاع کے کئی مقامات پر زبردست پتھرائو اور مظاہرے جاری ہیں ۔شاہ دیر گئے ملی اطلاع کے مطابق پر تشدد جھڑپوں میں ایک نوجوان گولی لگنے سے زخمی ہوا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ شوپیان اور پلوامہ کے کئی مقامات پر اتوار کی شام کو فورسز اور مقامی نوجوانوں کے درمیان پر تشدد جھڑپیں ہورہی ہیں۔دیر سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق نارواو۔بنہ گام،گاگرن ،بنہ بازار اور میمندر شوپیان میں پتھرائو اور شیلنگ جاری رہی ۔اس دوران نارواو کے مقام پر جھڑپوں کے دوران ایک نوجوان سہیل احمد ملک ساکن پالپورہ شوپیان کی ٹانگ میں گولی لگی ۔اسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔اس دوران رات دیر گئے نامعلوم افراد نے چندر پورہ پلوامہ میں قائم ایک پنچایت گھر کو نذر آتش کردیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق مذکورہ پنچایت گھر میں پولنگ سٹیشن قائم نہیں تھا تاہم اسے نذر آتش کیا گیا ہے۔ پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے۔