سرینگر// پولیس کے انسپکٹر جنرل سوئم پرکاش پانی نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے شوپیان اور پلوامہ اضلاع میں پُرامن انتخابات یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اضلاع میں تشدد سے مبرا پولنگ یقینی بنانے کے لئے موثر منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ضلع شوپیاں اور پلوامہ جو اننت ناگ پارلیمانی حلقے کا حصہ ہیں، میں 6 مئی کو ووٹ ڈالے جانے ہیں۔ تاہم شوپیاں کے امام صاحب علاقہ میں جمعہ کو ایک تصادم میں تین مقامی جنگجوئوں کی ہلاکت سے دونوں اضلاع میں انتخابی جوش مزید ٹھنڈا پڑگیا ہے۔آئی جی کشمیر نے نامہ نگاروں کے ایک گروپ کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا 'ہم پُرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن انتظامات کررہے ہیں۔ انتظامات کئے جارہے ہیں۔ فورسز کو مختلف جگہوں پر تعینات کیا جارہا ہے۔ پُرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے موثر منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ہم پُرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر کوششیں کریں گے'۔آئی جی پانی نے کہا کہ شوپیاں جیسے آپریشنز سیکورٹی فورسز کے لئے چیلنج ہوتے ہیں۔ان کا کہنا تھا 'ہر ایک آپریشن کے لئے باضابطہ طور پر منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔ بے شک ایسے آپریشنز سیکورٹی فورسز کے لئے چیلنج ہیں لیکن مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان بہترین تال میل ہے۔ تمام تر عوامل کو ذہن میں رکھتے ہوئے آپریشن شروع کئے جاتے ہیں۔ بہتر منصوبہ بندی اور اچھی کوشش سے ہی شوپیاں جیسے نتائج سامنے آتے ہیں'۔