سرینگر // موسلادھاربارشوں اور گلمرگ سمیت بیشتر بالائی مقامات پر تازہ برف باری ہونے سے معمولات متاثر ہو کر رہ گئے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 15 مارچ تک موسم خراب رہ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلمرگ میںچوبیس گھنٹوں کے دوران 45 سینٹی میٹریعنی 15انچ تک تازہ برف جمع ہوئی ۔یہاںگذشتہ 5 دنوں کے دوران105.1 سینٹی میٹر برف جمع ہوئی ہے۔ بارہمولہ میں دوسے چارانچ تک تازہ برف باری ہوئی ۔ پہلگام میں ایک سینٹی میڑ برف پڑی ۔جہاں تک میدانی علاقوں میں جاری بارشوں کاتعلق ہے توسرینگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران یعنی جمعہ کی صبح ساڑھے آٹھ بجے تک 27.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔نمائندے غلام نبی رینہ کے مطابق سونہ مرگ میں3 فٹ، زوجیلا چار فٹ،منی مرگ تین فٹ،گگن گیر چھ انچ،کلن گنڈ تین انچ برف جمع ہوگئی ہے جبکہ کنگن،گنی ون،وسن،اور اسکے مضافات کے علاقوں میں موسلادھار بارشیں ہوئیں۔ برف باری کی وجہ سے سونہ مرگ سڑک کے چند ایک مقامات پر برفانی تودے گرآئے جس کی وجہ سے تیسرے روز بھی ٹریفک کی نقل و حمل مسدود ہوکر رہ گئی۔ ادھر سونہ مرگ میں قائم ہوٹل والوں نے بتایا کہ گذشتہ شب سے ہی بجلی بھی غائب ہے اور کئی ہوٹلوں میں پانی کی سپلائی معطل رہی۔کپوارہ سے اشرف چراغ کے مطابق جمعرات کی شام سے پورے ضلع میں برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جو رات بھر جاری رہا ۔ضلع کے بالائی علاقوں میں 7سے 8انچ برف جمع ہوئی ہے اور ان علاقوں کو جانے والی رابطہ سڑکیں گا ڑیو ں کی آمد و رفت کے لئے بند ہو گئی ہیں ۔ نستہ چھن گلی (سادھنا ) پر اڑھائی فٹ ،فرکیاں گلی پر 3اور مژھل کی زیڈ گلی پر ڈیڑھ فٹ برف جمع ہونے کی طلاع ہے ۔ کرناہ ،کیرن اور مژھل کی سڑکیں گزشتہ دو روز سے گا ڑیو ں کی آمد و رفت کے لئے بند پڑی ہیں ۔شوپیاں ، پلوامہ ، بڈگام ، بانڈی پورہ ، کولگا م کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئی ہیںاس دوران محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سوموار کی دوپہر سے موسم میں بہتری آئے گی ۔