یواین آئی
نئی دہلی// دہلی، راجستھان، پنجاب، ہریانہ اور چندی گڑھ کے کچھ حصوں میں 8 جنوری تک کم از کم درجہ حرارت 10 ڈگری سے نیچے رہنے کے ساتھ شدید سردی کا اندازہ ہے۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ہفتہ کو یہاں کہا کہ شمال مغربی ہندوستان میں اگلے دو دنوں تک گھنا کہرا چھائے رہنے کا اندازہ ہے۔ایجنسی کے مطابق 8 سے 10 جنوری تک شمال مغربی اور وسطی ہندوستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ڑالہ باری کے امکانات ہیں۔ 8 جنوری سے شمال مغربی ہندوستان پر ایک تازہ مغربی ہوائوں کی وجہ سے جموں و کشمیر، لداخ، گلگت، بلتستان، پنجاب اور ہریانہ سمیت دیگر شمال مغربی علاقوں میں ہلکی بارش متوقع ہے۔آئی ایم ڈی نے کہا کہ اگلے پانچ دنوں کے دوران تمل ناڈو میں اور اگلے دو دنوں کے دوران کیرالہ کے مختلف مقامات پر بھاری بارش کے ساتھ جنوبی جزیرہ نما ہندوستان میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔آئی ایم ڈی کے مطابق 6 سے 8 جنوری کے دوران پنجاب کے کچھ حصوں اور ہریانہ چندی گڑھ کے مختلف علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں گھنی دھند پڑنے کی امید ہے اور اگلے تین دنوں تک مختلف حصوں میں گھنی دھند کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا، ’’مغربی اتر پردیش اور راجستھان کے مختلف حصوں میں 08 اور 09 جنوری کو مختلف حصوں میں گھنی دھند پڑنے کا امکان ہے۔‘‘محکمہ نے کہا کہ 6 سے 10 جنوری کے دوران مشرقی اتر پردیش کے مختلف حصوں میں صبح کے وقت کچھ گھنٹوں کے لیے گھنی دھند چھائی رہے گی اور 7 اور 8 جنوری کو یہ ہماچل، اتراکھنڈ، مغربی مدھیہ پردیش، بہار، جھارکھنڈ، اوڈیشہ، آسام اور میگھالیہ، میزورم اور تریپورہ میں گھنے کہرے کے آثار ہیں۔آئی ایم ڈی نے کہا، “پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ، دہلی کے کچھ حصوں میں 06 اور 07 جنوری کو انتہائی سرد دن کے حالات متوقع ہیں اور اسی طرح کے حالات 8 جنوری کو جاری رہنے کا اندازہ ہے۔”محکمہ نے کہا کہ “مشرقی راجستھان کے کچھ حصوں اور مغربی راجستھان کے الگ تھلگ حصوں میں 6 اور 7 جنوری کو انتہائی سرد دن کے حالات جاری رہنے کی توقع ہے۔”گزشتہ 24 گھنٹوں میں راجستھان، پنجاب، ہریانہ-چندی گڑھ-دہلی میں کم از کم درجہ حرارت چھ سے نو ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔ اس دوران راجدھانی میں شدید سردی کی وجہ سے پانچویں جماعت تک کے تمام اسکول 12 جنوری تک بند رہیں گے، حالانکہ اس دوران آن لائن پڑھائی جاری رہے گی محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سرد موسم کے پیش نظر پانچویں جماعت تک کے تمام اسکولوں کو 12 جنوری تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جب کہ اسکول بقیہ کلاسوں کے لیے کھلے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک ممکن ہو اسکول متعلقہ پرائمری کلاسز کے طلباء کے لیے آن لائن کلاسز چلا سکتے ہیں۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ موسم کے پیش نظر کوئی بھی اسکول صبح 8 بجے سے پہلے شروع نہیں ہوگا اور شام 5 بجے کے بعد کلاسز نہیں ہوں گی۔اس سے قبل دہلی کی وزیر تعلیم آتشی نے کہا کہ دارالحکومت دہلی کے اسکولوں میں اگلے پانچ دن تک چھٹی ہوگی۔انھوں نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ جاری سر د لہر کی وجہ سے دہلی کے نرسری سے پانچوی جماعت تک اسکول اگلے پانچ دنوں تک بند رہیں گے۔