سری نگر// پولیس نے سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر پیر کو شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے سوپور علاقے میں ایک سرگرم جنگجو اور جنگجو معاون کار کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس زرائع کے مطابق سرگرم عسکریت پسند توفیق کابو ولد غلام رسول کابو ساکنہ کبو محلہ آرام پورہ سوپور اور معاون کار کی شناخت بلال احمد کالو ولد عبدالرحمن کالو ساکن تکیا بل سوپور کے طور ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس اور سیکورٹی فورسز نے سوپور کے ننگلی علاقے میں ایک خفیہ اطلاع کے بعد پولیس، 52آر آر اور 177بٹالین سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم کے ذریعہ محاصرے اور تلاشی آپریشن کے دوران دونوں گرفتاریاں عمل میں لائی ہیں، تاہم گرفتار افراد کی وابستگی فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔ پولیس نے اس ضمن میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔