سرینگر //مبارک پیرا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ حیدر پورہ میں سالانہ تعارفی پروگرام کے موقع پر مقررین نے نیم طبی عملہ کو شعبہ صحت میں ریڈ کی ہڈی قرار دیا ہے ۔ تعارفی پروگرام میںادارے میں زیر تربیت طلاب کا خیر مقدم کرتے ہوئے تابناک مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔پروگرام میںمبارک کالج سے تربیت مکمل کرنے والے طلاب نے بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیم طبی عملہ کے مختلف شعبوں میں تربیت حاصل کرکے انہیں روزگار حاصل کرنے میںکافی مدد ملی ہے۔تعارفی پروگرام میں ڈاکٹر نذیر مشتاق بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ پروگرام میں کالج کے پرنسپل ڈاکٹرنیاز احمد جان اور مبارک پیرا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے انچارج ڈاکٹر معراج الدین بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر نذیر مشتاق نے کہا ’’ نیم طبی عملہ ڈاکٹروں اور مریضوں کے درمیان ایک پل کا کام کرتا ہے اور نہ ڈاکٹر نیم طبی عملہ کے بغیر کچھ کر سکتا ہے اور نہ ہی نیم طبی عملہ ڈاکٹروں کے بغیر کچھ کرسکتا ہے۔ ڈاکٹر نذیرمشتاق نے کہا ’’ ایسے دور میں جب بے روزگاری عروج پر ہے ، کشمیری نوجوان پیرا میڈیکل کورسز میں داخلہ لیکر اپنے لئے نہ صرف روزگار کماسکتے ہیں بلکہ کشمیری قوم کی خدمت بھی انجام دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’ یہ وہ پیشہ ہے جہاں آپ کو صبر سے کام کرنا ہوگا اور لوگوں کو دکھ اور درد میں انکے ساتھ ہمدردی کا سلوک کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نیم طبی عملہ کو ہر صورت میں ایمانداری سے کام کرنا ہوگا کیونکہ نیم طبی عملہ کی کوئی بھی غلطی مریض کو بھاری پڑ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت میں کشمیر کافی پیچھے رہ گیا ہے مگر بہتر تربیت حاصل کرکے اس میں بہتری لاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’ جو بچے مختلف کورسوں میں تربیت کیلئے آئے ہیں ، انہیں سخت محنت کرنی پڑے گی۔ڈاکٹر نذیر مشتاق نے کہا کہ اس ادارے میں ہر کوئی سہولیات طلاب کیلئے دستیاب ہے مگر طلاب کو خود محنت کرنے پڑے گی۔اس موقعہ پر ڈاکٹر نیاز حمد جان نے کہا ’’ اُمید کروں گا ، آپ کا وقت اچھا گزرے گا اور آپ تمام لوگ ادارے کے قوائد و ضوابط پر عمل کریں گے‘‘۔انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ اساتذہ کو بھی اپنی ڈیوٹی سنجیدگی کے ساتھ نبھانے پڑے گی اورمشترکہ کوششوں سے ہی زیر تعلیم طلاب کالج سے نیم طبی کارکن بن کر نکل سکتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر کالج سے تربیت مکمل کرنے والے طلاب نے سرکاری نوکریاں حاصل کرنے میں ہوئی آسانی اور مدد کا ذکر کرتے ہوئے کالج کو طلاب کیلئے ایک بیش قیمتی اثاثہ قرار دیا۔ تعارفی پروگرام میں مختلف نیم طبی کورسوں میں زیر تعلیم طلاب کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جبکہ والدین ، فیکلٹی ممبران اور دیگر منتظمین بھی تقریب میں موجود رہے۔