بٹالہ۔گورداس پورر روٹ کے ذریعے پنجاب کے سرحدی علاقوں کو براہِ راست کنیکٹیویٹی فراہم
عظمیٰ نیوز سروس
جموں//مسافروں کو تیز، آرام دہ اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے مقصد کے تحت شمالی ریلوے جموں ڈویژن نے ٹرین نمبر 26406/26405 شری ماتا ویشنو دیوی کٹرہ۔امرتسر۔شری ماتا ویشنو دیوی کٹرہ وندے بھارت ایکسپریس کو نئے روٹ پر روانہ کیا۔ اس جدید ٹرین کو امرتسر ریلوے اسٹیشن سے وزیر مملکت برائے ریلوے رونیت سنگھ بٹونے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ریلوے حکام کے مطابق اب یہ وندے بھارت ایکسپریس جالندھر سٹی کے بجائے بٹالہ اور گورداسپور کے راستے چلے گی، جس سے تقریباً 40 منٹ کے سفری وقت کی بچت ہوگی۔ اس نئے روٹ سے پنجاب کے سرحدی اضلاع کے مسافروں کو بھی براہِ راست وندے بھارت ٹرین کی سہولت حاصل ہوگی۔شیڈول کے مطابق ٹرین نمبر 26406 شری ماتا ویشنو دیوی کٹرہ سے صبح 6:40 بجے روانہ ہوگی اور دوپہر 12:20 بجے امرتسر پہنچے گی۔ واپسی سفر میں ٹرین نمبر 26405 امرتسر سے شام 4:25 بجے روانہ ہوگی اور رات 10 بجے شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا پہنچے گی۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اس روٹ میں تبدیلی سے مسافروں کو کئی اہم فوائد حاصل ہوں گے۔ سفر کا دورانیہ کم ہونے سے وقت کی بچت ہوگی جبکہ بٹالہ، گورداسپور اور آس پاس کے علاقوں کے لوگوں کو براہِ راست اور تیز رفتار ریل سروس دستیاب ہوگی۔اس کے علاوہ شری ماتا ویشنو دیوی یاترا کے لیے آنے والے زائرین کو بھی بہتر سفری سہولت ملے گی، جس سے مقامی سیاحت اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہونے کی توقع ہے۔اس موقع پر سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اْچت سنگھل نے کہا کہ جموں ڈویژن مسافروں کی سہولت کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بٹالہ۔گورداس پور روٹ پر وندے بھارت ٹرین چلانے سے پنجاب کے سرحدی علاقوں کے عوام کا قیمتی وقت بچے گا اور علاقائی ترقی کو نئی رفتار ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام ’’وکست بھارت‘‘ اور ’’سگم یاترا‘‘ کے وڑن کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ریلوے حکام نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس نئی اور تیز رفتار سروس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔