سرینگر//حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی کومنگل کی صبح صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں داخل کردیا گیا ہے۔ انہیںپچھلے ایک دو روز سے پیٹ میں درد اور بے چینی محسوس ہونے لگی تھی جس کے بعد پیر کو انہیں سپر سپیشلٹی اسپتال شیرین باغ سرینگر میں معدے کے ماہر ڈاکٹروں نے معائینہ کیا۔ کچھ ٹیسٹس کئے جس سے بڑی آنت کے انفکشن کی تشخیص ہوئی ہے۔تاہم منگل کی صبح انہیں دوبارہ شدید درد ہوا جس کے بعد انہیں صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں داخل کیا گیا۔ گیلانی کے فرزند نعیم گیلانی نے بتایاکہ گیلانی کو انفیکشن کا علاج کرانے کیلئے داخل کیا گیا جہاں انہیں کئی روز تک اسپتال میں داخل رہنے کی صلاح دی گئی ہے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ آزادی پسند رہنما کئی امراض میں مبتلا ہیں۔ ان کے بائیں طرف کا گردہ 2002 میں رانچی جیل میں قید کے دوران ہی نکال دیا گیا تھا اور 2007میں دائیں گردے کا آدھا حصہ بھی نکال دیا گیا ہے۔ اس طرح مزاحمتی رہنما صرف آدھے گردے پر زندگی گزار رہے ہیں۔